ڈیٹا بینک کو مقررہ تقاضوں اور ایس او پیز کے مطابق برقرار رکھنے اور مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے
الیکشن کمیشن نے سندھ کے تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کو ضلع کی سطح پر سرکاری افسران و اہلکاروں کا ڈیٹا بینک برقرار رکھنے اور اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کردی۔ مراسلے میں مستقبل کے انتخابات کی تیاری کے لیے انتخابی افسران سمیت مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افسران و اہلکاروں کا ڈیٹا بینک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق ڈیٹا بینک کو مقررہ تقاضوں اور ایس او پیز کے مطابق برقرار رکھنے اور مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ضلعی الیکشن کمشنرز مجاز اتھارٹی کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ڈیٹا بینک کی بروقت تکمیل سے مستقبل کے انتخابات کے لیے ضروری کارروائی میں مدد ملے گی۔ تمام اضلاع میں افسران و اہلکاروں کے ڈیٹا بینک کی تکمیل کی تصدیق طلب کرلی گئی ہے۔
ضلعی الیکشن کمشنرز کو ڈیٹا بینک مکمل ہونے کی تصدیق 10 روز میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اضلاع سے موصول ہونے والی تصدیق الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کو بھجوائی جائے گی۔
ڈیٹا بینک کی تیاری اور اپ ڈیٹ کا فیصلہ 4 اگست کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
