ایندھن کی مد میں ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت ہوگی
اسلام آباد پولیس کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے الیکٹرک گاڑیوں ( EV )کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت طلال چوہدری سمیت متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت اسلام آباد پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔ وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، سازوسامان اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو فراہم کی جانے والی نئی الیکٹرک گاڑیوں کا مقصد پولیسنگ کے نظام میں ماحول دوست اور گرین پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کے لیے قائم کی گئی نئی فورس "کیپٹل پٹرول" کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نئی فورس وزیراعظم کے محفوظ، اسمارٹ اور گرین کیپیٹل کے وژن کے تحت تشکیل دی گئی ہے۔ کیپٹل پٹرول فورس میں مجموعی طور پر 200 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔
کیپٹل پٹرول فورس کے ہر پٹرول یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ فورس میں موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار بھی شامل ہوں گے تاکہ مختلف علاقوں میں فوری رسپانس اور مؤثر گشت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم کو مزید بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس کے تمام اہلکاروں کو باڈی کیمروں سے لیس کیا جائے گا، جس سے پولیسنگ کے عمل میں شفافیت، نگرانی اور جوابدہی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس کے لیے 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، تمام گاڑیاں بجلی سے چلتی ہیں، جس سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ ماحول پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نئی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی مد میں ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت ہوگی، جبکہ ایک گاڑی کی لاگت تقریباً ساڑھے دس ماہ میں ایندھن کی بچت سے پوری ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، گرین پولیسنگ کے فروغ اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور ہدایت کی کہ جدید پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

