وزارت خزانہ نے قرارداد کو گزٹ آف پاکستان میں شائع کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے
حکومت نے جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی شرح 12.05 فیصد مقرر کردی۔
مالی سال 2025-26 کے لیے وفاقی حکومت نے جنرل پروویڈنٹ فنڈ میں جمع رقوم اور سبسکرائبرز کے کریڈٹ بیلنس پر منافع کی شرح 12.05 فیصد سالانہ مقرر کردی ہے۔ وزارت خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ قرارداد جاری کردی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2024-25 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی شرح 12.46 فیصد سالانہ مقرر کی گئی تھی، تاہم یکم جولائی 2025 سے شروع ہونے والے مالی سال کے لیے شرح کم کرکے 12.05 فیصد سالانہ کردی گئی ہے۔
قرارداد کے مطابق وزارت ریلوے اور وزارت دفاع کے زیر انتظام مختلف پروویڈنٹ فنڈز کے بیلنس پر متعلقہ مالی سال کے لیے منافع کی شرح سے متعلق ضروری ہدایات دونوں وزارتیں الگ سے جاری کریں گی۔
وزارت خزانہ نے قرارداد کو گزٹ آف پاکستان میں شائع کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے، جس کے بعد مالی سال 2025-26 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ میں جمع رقوم اور سبسکرائبرز کے کریڈٹ بیلنس پر 12.05 فیصد سالانہ منافع کی شرح نافذ ہوگی۔

