سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج میں دلہا اور دلہن کو پل پر رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے
کراچی کے مصروف شاہ فیصل پل پر اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب باراتیوں نے گاڑیاں روک کر سڑک پر جشن منانا شروع کردیا۔ دلہا دلہن نے بھی پل پر ہی رقص کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی تیزی سے وائرل ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق چند روز قبل ایک شادی کی بارات شاہ فیصل پل سے گزر رہی تھی کہ باراتیوں نے اپنی گاڑیاں سڑک پر روک دیں۔ اس کے بعد دلہن، دلہا، دوستوں اور رشتہ داروں سمیت دیگر افراد گاڑیوں سے باہر نکل آئے اور پل پر ہی ناچ گانا شروع کردیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج میں دلہا اور دلہن کو پل پر رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ایک شخص پل کی دیوار پر چڑھ کر اس منظر کی ویڈیو بناتا بھی دکھائی دیتا ہے۔ باراتیوں نے پل کی ایک جانب ٹریفک روک کر جشن منایا جبکہ دوسری جانب سے گزرنے والے شہری حیرت سے یہ منظر دیکھتے رہے۔
View this post on Instagram
ویڈیو ایک کونٹینٹ کریٹر نے انسٹاگرام پر اپ لوڈ کی، جس کے بعد یہ دیکھتے ہی دیکھتے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر ہونے لگی۔ فوٹیج میں شاہ فیصل پل کے دوسری جانب گاڑیوں کی آمدورفت بھی دیکھی جاسکتی ہے، جبکہ ڈانس کے دوران وہاں سے گزرنے والے افراد کچھ دیر رک کر باراتیوں کا منفرد انداز دیکھتے رہے۔
شادیوں میں دلہن اور اس کی سہیلیوں کا رقص کوئی نئی بات نہیں، اسی طرح شادی ہالز اور بینکوئٹ میں بارات کے منفرد استقبال بھی معمول بن چکے ہیں، تاہم سڑک اور پل کو ہی رقص گاہ بنا دینے کا رجحان اب سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کررہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک نیا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے جس میں بعض باراتیں ٹریفک روک کر سڑکوں پر رقص اور جشن مناتی نظر آتی ہیں۔ شاہ فیصل پل کا یہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک مثال قرار دیا جارہا ہے، تاہم مصروف شاہراہ پر ٹریفک روک کر اس طرح جشن منانے سے شہریوں کو مشکلات اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ بھی رہتا ہے۔

