پاکستان اور پولینڈ کا میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے پولینڈ کے وزیر اور کونسل آف منسٹرز کے سربراہ ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ، انسداد دہشت گردی، غیر قانونی مائیگریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ باہمی تعاون کو نئی جہت دینے اور اعلیٰ سطح کے روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
پاکستان اور پولینڈ نے میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لیے وزیر مملکت طلال چوہدری کی سربراہی میں وزارت داخلہ کا وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت پاکستان نے منشیات، غیر قانونی مائیگریشن اور منظم جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، حکومتی اقدامات کے باعث پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ باہمی تعاون اور دوطرفہ کوآرڈینیشن بڑھا کر منشیات، غیر قانونی مائیگریشن اور منظم جرائم میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے، پولینڈ کے وزیر نے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں غیر قانونی مائیگریشن کے خاتمے کے لیے یورپ میں پاکستانیوں کے لیے روزگار اور قانونی مائیگریشن کے مواقع بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پولش وزیر ٹوماش شیمونیاک نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کو قانونی طریقے سے پولینڈ آمد پر خوش آمدید کہا جائے گا۔
پولش وزیر نے کہا کہ انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی امور پر پاکستان اور پولینڈ کا مؤقف یکساں ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔
ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان عوامی، تجارتی اور کاروباری روابط کو وسعت دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔ ٹوماش شیمونیاک نے کہا کہ سیاسی اور سیکیورٹی تعلقات کے ساتھ معاشی تعلقات کا فروغ بھی انتہائی اہم ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے حوالے سے تعاون پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری سہولت فراہم کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکریٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
