• اکتوبر 6, 2026
  • آخری اپڈیٹ اکتوبر 6, 2026 1:58 شام
  • پاکستان

ایرانی ارکان پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد مہرداد اخلاقی کتابچی باضابطہ طور پر وزیر دفاع کا منصب سنبھال سکیں گے

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملک کے نئے وزیر دفاع کے لیے میزائل پروگرام سے وابستہ تجربہ کار عہدیدار مہرداد اخلاقی کتابچی کو نامزد کردیا ہے۔

ان کی نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران میں جنگ کے آغاز کے بعد سے وزارت دفاع کا قلمدان قائم مقام وزیر کے ذریعے چلایا جارہا ہے۔

ایران کے سابق وزیر دفاع عزیز ناصرزادہ جنگ کے آغاز میں ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد مارچ کے اوائل سے وزارت دفاع کا انتظام قائم مقام وزیر کے سپرد ہے۔

مہرداد اخلاقی کتابچی ایران کے میزائل پروگرام سے طویل عرصے سے وابستہ رہے ہیں۔ وہ شہید باقری انڈسٹریل گروپ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں، جسے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے مبینہ تعلق کے باعث یورپی یونین نے پابندیوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق اخلاقی کتابچی کو ان کے دفاعی عہدوں اور ایران کے میزائل پروگرام سے متعلق کردار کے باعث امریکی پابندیوں کا بھی سامنا ہے۔ ان کی نامزدگی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کے میزائل اور دفاعی پروگرام عالمی سطح پر شدید دباؤ اور پابندیوں کا شکار ہیں۔

اب ایرانی صدر کی جانب سے کی گئی اس نامزدگی کو حتمی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ ضروری ہوگا۔ ایرانی ارکان پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد مہرداد اخلاقی کتابچی باضابطہ طور پر وزیر دفاع کا منصب سنبھال سکیں گے۔

نئے وزیر دفاع کے انتخاب کو ایران کے موجودہ سیکیورٹی حالات میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب تہران کو اپنے میزائل اور دفاعی نظام کے حوالے سے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ شدید کشیدگی کا سامنا ہے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے