ٹانک میں دفعہ 144 کا نفاذ 3 اکتوبر رات 9 بجے سے 5 اکتوبر رات 12 بجے تک ہوگا، ضلعی انتظامیہ
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) جمشید خان نے دو روز کے لیے دو روز کے لیے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کردیا۔
ڈپٹی کمشنر جمشید خان نے بتایا کہ ٹانک میں دفعہ 144 کا نفاذ 3 اکتوبر رات 9 بجے سے 5 اکتوبر رات 12 بجے تک ہوگا، ضلعے میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹانک کے علاقے ڈبرہ تا ٹانک بائی پاس روٹ پر دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد ہیں، ٹانک بائی پاس، رنوال، منجی خیل، بھگوال، ٹانک تا پیزو روٹ پر بھی پابندی ہے، اسی طرح کوڑ قلعہ، خرگئی اور جنڈولہ کے روٹس پر بھی دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ ٹانک میں ڈبرہ، کوڑ فورٹ، گڑداوی، گومل زام ڈیم اور عزیز آباد روٹ پر پابندی ہے، رنوال اور جنڈولہ مکمل طور پر بند رہیں گے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ٹانک کی ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے ہنگامی نقل و حرکت کرنے والے افراد مستثنیٰ ہوں گے۔
مزید بتایا گیا کہ ٹانک میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تعزیرات پاکستان کی شق 188 کے تحت کارروائی ہوگی لہٰذا شہری دفعہ 144 کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندیوں پر عمل درآمد کریں۔
