اداکار نے فوری طور پر وضاحت کردی کہ چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی ایک حالیہ قسط میں انکشاف کیا کہ شوٹنگ کے دوران گرنے سے ان کے گھٹنے پر چوٹ آئی ہے۔ ان کی گفتگو کے بعد پروگرام میں موجود ناظرین بھی ان کی صحت کے حوالے سے فکرمند دکھائی دیے۔
83 سالہ اداکار نے شو کے آغاز میں بتایا کہ گزشتہ روز ریکارڈنگ کے دوران ان کا پاؤں پھسل گیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ گر پڑے اور گھٹنے پر چوٹ لگ گئی۔ انہوں نے اپنے بائیں گھٹنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ناظرین کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
امیتابھ بچن عام طور پر پروگرام کا ابتدائی مونولاگ کھڑے ہو کر کرتے ہیں، تاہم چوٹ کے باعث اس مرتبہ انہوں نے یہ حصہ بیٹھ کر کرنے کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمی گھٹنے کی وجہ سے کھڑے ہونے میں کچھ دشواری محسوس ہورہی ہے۔
تاہم اداکار نے فوری طور پر وضاحت کردی کہ چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ امیدواروں کے ساتھ پروگرام کی میزبانی کے لیے کھڑے ہوں گے، البتہ ابتدائی مونولاگ کے دوران بیٹھنا ان کے لیے زیادہ آسان ہے۔
اس موقع پر اسٹوڈیو میں موجود ناظرین نے امیتابھ بچن کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
امیتابھ بچن گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ اس مقبول کوئز شو کا پہلا پروگرام 3 جولائی 2000 کو نشر ہوا تھا اور اس وقت بھی میزبانی کی ذمہ داری امیتابھ بچن نے ہی سنبھالی تھی۔
