جب تک کوئی فنکار ہانیہ عامر، وہاج علی، صبا قمر جیسا مقام حاصل نہ کرلے، اسے اپنے معاوضے کےلیے انتظار کرنا پڑتا ہے
پاکستانی ڈرامہ اداکار آغا مصطفیٰ نے شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کو بروقت معاوضہ نہ ملنے کے معاملے پر کھل کر آواز اٹھادی۔ سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ بروقت ادائیگی نہ ہونا انڈسٹری کا ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔
اداکار نے کسی مخصوص ڈرامے کا نام لیے بغیر بتایا کہ ان کا ایک ڈرامہ جون میں مکمل ہوگیا تھا، لیکن ستمبر آنے کے باوجود انہیں اس کام کی رقم نہیں ملی۔ آغا مصطفیٰ کے مطابق مسئلہ صرف ادائیگی میں تاخیر تک محدود نہیں بلکہ انہیں پیسوں کے حوالے سے کوئی واضح جواب بھی نہیں دیا جارہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال صرف ان کے ساتھ پیش نہیں آرہی بلکہ بہت سے لوگوں کو اسی مسئلے کا سامنا ہے۔ ان کے بقول جب تک کوئی فنکار ہانیہ عامر، وہاج علی، فواد خان یا صبا قمر جیسے بڑے اسٹار کا مقام حاصل نہ کرلے، اسے اپنے معاوضے کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ بڑے ناموں کو ادائیگی نسبتاً فوری کردی جاتی ہے۔
آغا مصطفیٰ نے اپنی ذاتی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق اسلام آباد سے ہے جہاں ان کے والدین اور خاندان رہتے ہیں، جبکہ وہ خود کام کے سلسلے میں کراچی میں مقیم ہیں۔ ان کے مطابق کراچی میں رہائش کے دوران گھر کا کرایہ، بجلی کے بل اور دیگر اخراجات سمیت بھاری مالی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔
اداکار نے کہا کہ وہ اپنے گھر میں کام کرنے والے ملازمین تک کو ان کا معاوضہ وقت پر ادا کرتے ہیں، تو پھر ان کے اپنے کام کی رقم بروقت ادا کیوں نہیں کی جاسکتی۔
View this post on Instagram
آغا مصطفیٰ نے مزید الزام عائد کیا کہ جب وہ اپنے واجبات کے حصول کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو ان کے بارے میں انڈسٹری میں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ وہ لوگوں کو تنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض لوگ دوسروں سے یہ تک کہتے ہیں کہ انہیں آئندہ کام نہیں دیا جانا چاہیے۔
اداکار کی گفتگو نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں فنکاروں کے معاوضوں کی بروقت ادائیگی اور کام کرنے والوں کے مالی حقوق کے حوالے سے ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔
