• ستمبر 22, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 22, 2026 2:58 صبح
  • پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر 2026 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کریں گے

وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے مختصر پاکستانی وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر 2026 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وہ علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وہ تنازعات کے حل کے لیے مکالمے، سفارت کاری، تحمل اور پرامن ذرائع اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے، امن و استحکام کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی فعال سفارتی اور ثالثی کوششوں کو بھی اجاگر کریں گے۔

شہباز شریف پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز سمیت اہم عالمی امور پر پاکستان کی ترجیحات بھی عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے مطابق جنرل اسمبلی میں کثیرالجہتی تعاون، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور پائیدار ترقی کے اہداف بھی پاکستان کے اہم نکات میں شامل ہوں گے۔

وزیراعظم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ مسائل، قبضے اور حق خودارادیت سے محرومی کی جانب بھی عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے اور ان معاملات کے حل کے لیے متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اہمیت اجاگر کریں گے۔

دورہ نیویارک کے دوران وزیراعظم جنرل اسمبلی کے موقع پر ترقی، موسمیاتی اقدامات اور دیگر اہم عالمی امور سے متعلق متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے اور ان فورمز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنے والے مختلف ممالک کے عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت دیگر رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کا اعلیٰ سطحی جنرل ڈیبیٹ 22 سے 26 ستمبر اور 28 ستمبر کو جاری رہے گا جبکہ رواں اجلاس کا موضوع ’’اعتماد کی بحالی، تبدیلی کا انتظام: ایک اقوام متحدہ جو سب کے لیے کام کرے‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے