24سال سے قید بچوں نے پہلی بار سورج کی روشنی دیکھی
آگ اور بجلی کے بغیر کھانا پکانے کا بیگ، حیرت انگیز ایجاد
لندن سے بنگلادیش جانے والی پرواز میں مسافر لڑ پڑے، ویڈیو وائرل
شوہر نے میکے سے واپس نہ آنے پر بیوی کی ناک کاٹ دی
اسلام آباد (20 ستمبر 2026): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہو گئے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نیویارک روانہ ہو گئے ہیں۔ اسحاق ڈار وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ 21 سے 25 ستمبر تک اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کی ہائی لیول ویک میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور اجلاس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اجاگر کریں گے۔
نائب وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر او آئی سی کے متعدد وزارتی اجلاسوں میں شرکت کریں گے،اس کے علاوہ وہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس اور رابطہ گروپ کے دیگر اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔
فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کے اظہار کے طور پر اسحاق ڈار فلسطین سے متعلق کئی اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
نائب وزیراعظم 8 عرب و اسلامی ممالک کے گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد کے اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
وہ مصنوعی ذہانت کے معاملے پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی بریفنگ میں پاکستان کا بیان دیں گے، جب کہ وبائی امراض سے بچاؤ، تیاری اور ردعمل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
نائب وزیراعظم اقتصادی تعاون تنظیم کونسل آف منسٹرز کے اجلاس کی صدارت کریں گے، کئی ممالک کے ہم منصب وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقاتوں اور دیگر اہم مصروفیات میں بھی شرکت کریں گے۔
اسحاق ڈار اپنی وسیع سفارتی مصروفیات کے دوران علاقائی و عالمی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کو اجاگر کریں گے۔ اہم علاقائی اور عالمی چیلنجز پر تبادلہ خیال اور مختلف ممالک کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
