ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس حکام نے کارروائی کرتے ہوئے اہل کار کو معطل کردیا
رکشے میں سوار خواتین کو ہراساں کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے معطل کردیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔ متاثرہ خواتین کے مطابق پولیس اہلکار نے رکشہ روک کر انہیں دوستی کی پیشکش کی۔ خواتین کا کہنا ہے کہ اہلکار نے ناشتے کی دعوت دینے اور مالی مدد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
خواتین نے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکار نے ان کا موبائل نمبر حاصل کیا اور وردی کے بغیر ملاقات کرنے کا کہا۔ اس دوران رکشے میں موجود دوسری لڑکی نے ہراسانی کی ویڈیو ریکارڈ کرلی۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق خاتون کو دوستی کی پیشکش کرکے ہراساں کرنے پر متعلقہ پولیس اہلکار عمران کو معطل کردیا گیا ہے، جو عزیز بھٹی تھانے میں تعینات تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ نے واقعے کی شفاف، غیر جانب دارانہ اور میرٹ پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ انکوائری افسر کو واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
زبیر نذیر شیخ نے کہا کہ معطل اہلکار کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون کو دوستی کی پیشکش اور ہراسانی کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں۔
