نجی ایئرلائن کی پہلی فلائٹ 19 ستمبر کو پشاور سے کوئٹہ جائے گی، لاہور کیلیے بھی جلد پروازیں شروع ہونے کی خوشخبری
پشاور اور کوئٹہ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے اور نجی ایئرلائن کی جانب سے پہلی فلائٹ 19 ستمبر کو اڑائی جائے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ساؤتھ ایئرویز کی جانب سے پشاور سے کوئٹہ براہ راست سفری سہولت کیلیے پہلی پرواز 19 ستمبر کو پشاور سے رانہ ہوگی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور سے کوئٹہ براہ راست پرواز کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے عوام کیلیے خوش خبری قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ میری درخواست پر پشاور سے کوئٹہ براہ راست پرواز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر میں اُن کا شکر گزار ہوں جبکہ جلد پشاور سے لاہور کیلیے بھی براہ راست پرواز کا سلسلہ شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نئی ایئرلائن بھی پشاور سے بین الاقوامی پروازوں کے آپریشن کے ساتھ آنے والی ہے، اس کے آغاز سے پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
