• ستمبر 13, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 13, 2026 9:48 صبح
  • پاکستان

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی

پنجاب میں مون سون بارشوں کے نواں اور آخری اسپیل کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا مختلف اضلاع میں 17 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق آج سے 17 ستمبر کے دوران راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے جبکہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے۔

خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں، کیونکہ مون سون سیزن کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں شہری محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال کے دوران شہری کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے والدین سے بچوں کا خاص خیال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے