سو سال تک نظروں سے اوجھل مینڈک کی نئی نسل
چور کا خوف، شہری اپنی گاڑی چھت پر لے گیا، ویڈیو وائرل
دوران پرواز مسافر کو ہنگامہ کرنا مہنگا پڑ گیا
’’جیل جانے کے لیے‘‘ لڑکی کی سُنار کی دکان میں چوری (ویڈیو)
کراچی (8 ستمبر 2026): مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ارکان سٹی کونسل نے چند روز قبل ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت سے اہم ملاقات کی، جس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر تبادلہ خیال جبکہ اس سلسلے میں دیگر جماعتوں سے مشاورت پر بھی گفتگو ہوئی۔
سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے میئر کراچی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور پی ٹی آئی کے ارکان سے ملاقات کی تصدیق کی۔
سیف الدین ایڈووکیٹ نے بتایا کہ 3 سے 4 ماہ میں تحریک عدم اعتماد پر کافی پیشرفت ہوئی ہے، اس کیلیے 125 کے قریب ارکان کے دستخط بھی لے لیے، پی ٹی آئی کے ارکان سے بات ہوئی ہے وہ مکمل طور پر ہمارے ساتھ ہیں، جماعت اسلامی قیادت جب کہے گی میئر کراچی کے خلاف تحریک عدم اعتماد آ جائے گی اور پی ٹی آئی ساتھ ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، جماعت اسلامی کے اندر بھی اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، ہمارے جے یو آئی (ف)، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں سے بھی رابطے ہیں، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے ارکان اتنے ہیں کہ آسانی سے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی۔
سیف الدین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ آج میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے دفتر میں لگنے والی آگ مشکوک ہے اور اس پر تحفظات ہیں، کے ایم سی میں بڑے پیمانے پر پیسوں کی خرد برد اور زمینوں کی بندر بانٹ جاری ہے، آگ کا معاملہ مشکوک ہے اور آزاد تحقیقات ضروری ہیں۔
