• ستمبر 9, 2026
  • Last Update ستمبر 9, 2026 12:17 شام
  • Australia

وزیراعظم کی کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کم آمدن اور متوسط طبقے کو سستی رہائش، کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے بینکوں اور مالیاتی اداروں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28 کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم، زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کے لیے فنانسنگ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو بینک قرضوں کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کریں گے، حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے فروغ کے لیے کام کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کے لیے سستی ہاؤسنگ کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی املاک کا جامع سروے کرایا جائے جن کے لیے بینک اپنے گھر کے خواہشمند افراد کو وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت قرضے فراہم کرسکیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک 1 لاکھ 47 ہزار 504 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 53 ہزار 127 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں۔ منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313.42 ارب روپے ہے، جبکہ 8 ہزار 739 درخواست گزاروں کو 45.43 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں مورگیج کی شرائط پوری کرنے والے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے ایک نظام تیار کیا جا رہا ہے، جس کا پائلٹ منصوبہ اسلام آباد سے شروع کیا جائے گا۔ اپنا گھر اسکیم کو مزید مربوط بنانے کے لیے معروف ہاؤس ڈویلپرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی شعبے کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضوں کا حجم اگست 2026 تک 1.268 ٹریلین روپے رہا، جبکہ ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28 کے تحت جون 2028 تک اسے 2 ٹریلین روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق زرخیری ایپ کے ذریعے آسان قرضوں کے لیے 35 ہزار 838 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کے لیے 7.35 ارب روپے منظور کیے گئے، جبکہ اب تک 1.96 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔

ایس ایم ایز کے شعبے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اگست 2026 تک بینکوں کی جانب سے قرضوں کا حجم 1.067 ٹریلین روپے رہا، جبکہ جون 2028 تک اسے 2 ٹریلین روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سمیڈا نے گزشتہ تین ماہ کے دوران 1 ہزار 96 ایس ایم ایز کو مالیاتی آگاہی کی تربیت بھی فراہم کی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیراعظم ہارون اختر خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، آئی بی آر ڈی کی کنٹری ڈائریکٹر، پاکستانی بینکوں کے صدور اور سی ای اوز سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے