ان منصوبوں کے ذریعے سیف گیمز کے لیے درکار کھیلوں کے مقامات کے معیار، فعالیت اور تیاری کو بہتر بنایا جائے گا
سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے آئندہ سیف گیمز کے لیے کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور ترقی سے متعلق 5.7 ارب روپے مالیت کے جامع ترقیاتی پیکیج کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن و وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں سیف گیمز کے لیے کھیلوں کی سہولیات کی بہتری سے متعلق منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
منظور شدہ منصوبوں میں اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کی اہم سہولیات کی اپ گریڈیشن کے علاوہ دیگر شہروں میں کھیلوں کی سہولیات کی بہتری بھی شامل ہے۔
ان منصوبوں کے ذریعے سیف گیمز کے لیے درکار کھیلوں کے مقامات کے معیار، فعالیت اور تیاری کو بہتر بنایا جائے گا۔
سی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے ترقیاتی پیکیج کی منظوری کو پاکستان میں علاقائی کثیر کھیلوں کے ایونٹ کے ہموار، مؤثر اور کامیاب انعقاد کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) محی الدین احمد وانی نے 5.7 ارب روپے کے پیکج کی منظوری کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم اور پلاننگ کمیشن کی جانب سے پاکستان کے کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے فراہم کی جانے والی قیادت اور تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اس خطیر سرمایہ کاری سے نہ صرف سیف گیمز کے انعقاد میں سہولت ملے گی بلکہ پاکستان کی کھیلوں کی برادری کے لیے ایک دیرپا ورثہ بھی قائم ہوگا۔
محی الدین احمد وانی نے کہا کہ 5.7 ارب روپے کے انفراسٹرکچر پیکج کی منظوری سیف گیمز کے کامیاب انعقاد کی جانب ایک اہم قدم ہے، انشاء اللہ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اور ملک بھر میں دیگر کھیلوں کی سہولیات کی جامع اپ گریڈیشن سے کھلاڑیوں اور شریک ٹیموں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی جبکہ اپ گریڈ کیے گئے کھیلوں کے مقامات گیمز کے اختتام کے بعد بھی پاکستانی کھیلوں کے لیے فائدہ مند رہیں گے۔
سیکرٹری آئی پی سی نے کہا کہ وزارتِ بین الصوبائی رابطہ پلاننگ کمیشن اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر منظور شدہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور تکمیل کو یقینی بنائے گی تاکہ انہیں سیف گیمز کی ضروریات کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔
