• ستمبر 10, 2026
  • Last Update ستمبر 10, 2026 1:23 شام
  • پاکستان

سندھ حکومت اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے ’’بھٹو اسٹیم اسکالرشپ‘‘ کا کامیاب آغاز

سندھ کے 5 طلبہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی مکمل فنڈڈ پوسٹ گریجویٹ اسکالرشپس کے لیے منتخب ہو گئے۔

سندھ حکومت اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے ’’بھٹو اسٹیم اسکالرشپ‘‘ کا کامیاب اقدام کیا گیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ’’بھٹو اسٹیم اسکالرشپ‘‘ کی تقریبِ پذیرائی کا انعقاد کیا گیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبائی حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام منسوب 5 اسکالر شپس آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیے دے رہی ہے۔ 5 منتخب اسکالرز میں 3 کا تعلق کورنگی، ایک کا شہید بینظیرآباد اور ایک کا خیرپور سے ہے۔ منتخب طلبہ کو معاشیات، کلینیکل ایمبریالوجی، زیرو کاربن انرجی ریسرچ اور انجینئرنگ سائنس میں داخلہ ملا ہے۔

انوہں نے کہا کہ ’’بھٹو اسٹیم اسکالرشپ‘‘ کے تحت سندھ کے باصلاحیت طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ وزیر تعلیم سردار شاہ کی محکمہ کالج ایجوکیشن کے تعاون سے ’’بھٹو اسٹیم اسکالرشپ‘‘ کی تقریبِ پذیرائی منعقد کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سندھ کے باصلاحیت طلبہ کو دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ ’’بھٹو اسٹیم اسکالرشپ‘‘ شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے تعلیمی وژن کا تسلسل ہے۔ میرٹ پر منتخب طلبہ سندھ کا نام دنیا کی بہترین جامعات میں روشن کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں سے آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے تعاون سے بھٹو STEM اسکالرشپ انیشی ایٹو کی بنیاد رکھی گئی۔ طلبہ نے بھٹو STEM اسکالرشپ پروگرام27-2026 کے تحت آکسفورڈ یونیورسٹی میں فل فنڈڈ اسکالرشپ حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے 5 ہونہار سپوت اور بیٹیاں اس وقت ہمارے درمیان موجود ہیں۔ ان طلبہ نے ثابت کردیا کہ میرٹ کسی جغرافیائی حد کا پابند نہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی دنیا کے ممتاز ترین تعلیمی اداروں میں ایک ہے۔ میں پانچوں کامیاب طلبہ کو د ل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان طلبہ میں 3 کا تعلق کورنگی سے ہے جو کورنگی کے لیے باعث فخر ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ طلبہ کی شاندار کامیابی پورے صوبے کے لیے ایک نادر تحفہ ہے۔ سندھ کےمایہ ناز طلبہ کی اس کامیابی نے نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ باوقارطلبہ نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے صوبے کا سر فخر سے بلند کردیاہے۔ اس شاندار پروگرام کی بدولت صوبے کےباصلاحیت طلبہ میرٹ کی بنیادپر دنیا کی بہترین درسگاہ تک رسائی کے قابل بنے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھٹو STEM اسکالرشپ پروگرام کے فیض سے سندھ کا ٹیلنٹ مالی مشکلات کے باوجودپوری دنیا پر چمکے گا۔یہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں مکمل مالی معاونت (فل فنڈڈ) اسکالرشپ کا ایک بہترین اور انقلابی پروگرام ہے۔ حکومتِ سندھ اپنے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر آن پُرعزم ہے۔ آکسفورڈ کے ساتھ شراکت داری اسکالرز، محققین اور مستقبل کے معماروں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

’’بھٹو اسٹیم آکسفورڈ اسکالرشپ‘‘ تقریب میں صوبائی وزراء محمد اسماعیل راہو، ذوالفقار علی شاہ، معاون خاص سرفراز راجڑ، راجویر سنگھ ، وائس چانسلرز، صوبائی سیکریٹریز اور دیگر شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی کے ڈاکٹر جمال پیرزادہ نے کہا کہ آکسفورڈ پروگرام 6 سال پہلے شروع ہوا تھا لیکن فنڈنگ نہ ہونے کے باعث کامیاب نہیں ہوا۔ سندھ حکومت نے صوبے کے 6 بہترین شاگردوں کو اسکالرشپ دے کر پروگرام کو کامیاب بنایا ۔ سندھ حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے لیگیسی کو برقرار رکھنے کے لیے 6 ’’بھٹو اسٹیم آکسفورڈ اسکالرشپ دی رہی ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب صرف 5 اسکالرشپس کی نہیں بلکہ سندھ کے میرٹ، ٹیلنٹ اور مستقبل کے وژن کا جشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو اسٹیم اسکالرشپ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ایک تاریخی اور انقلابی اقدام ہے۔ اسکالرشپ کا مقصد مالی حالات سے بالاتر ہو کر سندھ کے نوجوانوں کو دنیا کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے