قبضے میں لی گئی امریکی آبدوز کی تصاویر آئندہ چند گھنٹوں میں جاری کی جائیں گی۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر امریکا کا بغیر پائلٹ آبدوز قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی آبدوز کو آج صبح ایک پیچیدہ انٹیلی جنس اور آپریشنل کارروائی کے دوران قبضے میں لیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ پکڑی گئی آبدوز جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ایک ’اسمارٹ‘ اور بغیر پائلٹ آبدوز ہے جو 2025 میں امریکی بحری بیڑے میں شامل کی گئی تھی۔
ایرانی حکام کے مطابق اس آبدوز کی اہم صلاحیتوں میں زیرِ آب جاسوسی اور نگرانی، سمندر کی تہہ کا نقشہ تیار کرنا، بارودی سرنگوں کی نشاندہی اور زیرِ آب کیبلز و پائپ لائنز کا معائنہ شامل ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ قبضے میں لی گئی امریکی آبدوز کی تصاویر آئندہ چند گھنٹوں میں جاری کی جائیں گی۔
ایران نے فروری کے آخر میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ آبنائے ہرمز دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل اور مائع قدرتی گیس کی برآمدات کی اہم گزرگاہ ہے۔
دوسری جانب امریکا نے بھی ایرانی بندرگاہوں کے خلاف جوابی ناکہ بندی عائد کر رکھی ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں سے فیس وصول کی جائے گی جس سے ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف خدمات کے اخراجات پورے کیے جائیں گے تاہم امریکا اس اقدام کی شدید مخالفت کرتا ہے۔
