Home / پاکستان / شاہ زین بگٹی نے ملک میں نئے انتخابات کروانے کی مخالفت کردی

شاہ زین بگٹی نے ملک میں نئے انتخابات کروانے کی مخالفت کردی

ورثے میں ملی مہنگائی اور خراب معیشت پر قابو پاکر عوام کیلئے آسانیاں اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیربرائے انسدادمنشیات
ڈیرہ بگٹی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی و سیاسی صورتحال میں ملک نئے الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا جبکہ ورثے میں ملی مہنگائی اور خراب معیشت پر قابو پاکر عوام کیلئے آسانیاں اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے یہ بات چیت گزشتہ روز بگٹی ہاس ڈیرہ بگٹی میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر نو منتخب ٹائون چیئرمین اور ان کے چھوٹے بھائی نوابزادہ میر چاکر خان بگٹی ایس سی کیسکو سبی /نصیر آباد سرکل شاہد حسین رئیسانی ایکسیئن کیسکو سبی ڈویژن محمد وریام لائن سپرنٹنڈنٹ محمد حسن دیناری بگٹی، حامد بگٹی، وڈیرہ تھنگئی خان بگٹی ، عبدالرشید بگٹی، ایکسئین پی ایچ ای ڈیرہ بگٹی، احترام الحق بلوچ سب انجینئر عمران بزدار اور دیگر قبائلی عمائدین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔صحافیوں کی جانب سے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے رہنما جمہوری وطن پارٹی نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہاکہ پی ٹی آئی خود اپنے سیاسی جال میں پھنس گئی ہے ،جیل بھرو جیسی تحریکیں عوام کے ساتھ مذاق ہیں ،ان حربوں کو پاکستانی عوام نے مسترد کردیا ہے ،عوام کے ووٹ سے منتخب موجودہ حکومت اور اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کرینگی۔سانحہ بارکھان اور رکنی بم دھماکے پر افسوس کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشااللہ حالات جلد بہتر ہونگے کیونکہ اس طرح کے واقعات بلوچستان کے روایات اور عالمی سطح پر ملکی بدنامی کے باعث بنتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی محکمہ انسداد منشیات کی کاوشوں سے نوجوانوں کی ہیروئن اور چرس جیسی لت میں مبتلا ہونے کی شرح میں کافی کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ محکمہ انسداد منشیات نے کم عرصے میں جس طرح اس مسئلے پر قابو پایا ہے ،اس بہترین کارکردگی کی امریکہ سمیت پوری دنیا معترف ہے ۔انہوں نے والدین کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ دور میں منشیات تک تیزی سے رسائی جیسے گھمبیر مسئلے پر وہ بھی اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں ۔عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی ٹائون میں گھر گھر گیس کی فراہمی کیلئے نئے گیس پائپ لائنز بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے ،تحصیل سوئی میں بھی گیس فراہمی کا مسئلہ گھمبیر ہے اسلئے ان کی کوشش ہے کہ وہاں بھی اس مسئلے پر جلد قابو پایا جائے جبکہ ریٹائرڈ و فوت شدہ گیس کمپنیوں کے ملازمین کے بچوں کی ان کے جگہ پر بھرتی بھی ان کی اولین ترجیح ہے جس پر وہ شب و روز کوشاں ہیں ۔ضلع ڈیرہ بگٹی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور کم فراہمی کے سوال پر انہوں نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ موسم گرما کے شروعات اور ماہ رمضان کے آمد سے پہلے ہی اس مسئلے پر ہر ممکن قابو پایا جائے۔

User Rating: Be the first one !

About Daily Pakistan

Check Also

نامعلوم افراد کی aاداکارہ مالا کی گاڑی پر فائرنگ، بھائی جاں بحق

فیصل آباد (غیلی پاکستان آن لائن) نامعلوم افراد نے سٹیج اداکارہ اور میک اپ آرٹسٹ …

Skip to toolbar