Home / رائے / بیویاں

بیویاں

بیویاں
تحریر
مظفر علی

بہت ساری تحریں ایسی نگاہوں کے سامنے گزرتی ہیں جنہیں پڑھ کرہمارے اندر خواب غفلت میں سویا مسلمان اچانک زور سے انگڑائی لے کر بیدار ہو جاتا ہے اور ہمارا ایمان چودھویں کے چاند کی طرح پورے آب و تاب سے جگمگا اٹھتا ہے-ہمیں ان مسلمانوں پر رشک آتا ہے جنہیں یک نہ شد چار چار بیویاں نصیب ہوتی ہیں-حاسدین کا کہنا ہے کہ شہید امت مسلمہ جناب اسامہ بن لادن کی بھی چار عدد بیویاں اور چالیس عدد کے قریب اللہ کے شیر یعنی بہادر جنگجو سپوت تھے-ایک ٹھیک ٹھاک دیندار خاتون نے اپنے شوہر نامدار سے رازدرانہ لہجے میں پوچھا کہ میں نے سنا ہے اسامہ بن لادن کی چار بیویاں اور چالیس بچے ہیں-مجاہد شوہرنے گھن گرج سے جواب دیا اگر گیڈروں کے بچے ہو سکتے ہیں تو شیروں کے بچے کیوں نہیں ہو سکتے-اب ہمارے ہی بچوں کو لے لو خدا کی قسم شیر ہیں شیر-ایک سے بڑھ کر ایک خونخوار-خدا مفکر ملت علامہ اقبال کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے جنہوں نے ہمارے شیر بچوں پر کیا خوبصورت تبصرہ کیا تھا کہ “آ ئین جوانمرداں( کثرت زوجات و سلاجیت)، اللہ کے شیروں کو آتی نہیں روباہی”ویسے تو ہمارے محلے کے ڈاکٹر صاحب اعلی ٰتعلیم یافتہ اور میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل مسندہیں-کچھ عرصہ قبل ان کے دو ہی شوق تھے ایک مریضوں کی کھال اتارنا اور دوسرا عید قربانی پرجہادی تنظیم کے لیے جانوروں کی کھالیں جمع کرنا لیکن اب سننے میں آ رہا ہے کہ وہ ڈھونڈ ڈھونڈ کر ان بیوہ عورتوں کو بھی جمع کر رہے ہیں جن کے شوہر شربت شہادت نوش فرما چکے ہیں-ادھر ڈاکٹر صاحب آئے دن شب زفاف منا رہے ہوتے ہیں ادھر شنید ہے مجاہدین بھی حوروں کی صحبت سے مکمل فیضیات ہو رہے ہیں-کسی شاعر نے شاید اسی موقع کے لئے کیا خوب شعر کہا تھا “ہے دونوں طرف آگ برابر لگی ہوئی”ہمارے ایک مذہبی دوست کو گانوں، فلموں اور ہر طرح کے آرٹ سے شدید نفرت ہے۔ موصوف کو جب بھی اپنے ساتھ کسی سفر پر لے کر گئے کیا مجال ہےان کی موجود گی میں گاڑی کے اندرکسی طرح کا کوئی غیر شرعی کام ہو سکے-ہمارے ڈرائیور نے ڈرتے ڈرتے پوچھا کہ صاحب میں گانا لگا لوں تو ہمارا دوست فوراً بولا میرے ہوتے کوئی کنجر خانہ نہیں ہو سکتا-ہمارا یہ حال کہ کب منزل قریب آئے کب ہماری جان اس عذاب سے چھوٹے-سیانے سچ ہی کہتے ہیں اچھا وقت فوراً گزر جاتا ہے اور برا وقت گزرنے کا نام نہیں لیتا-مسرت نذیر نے شاید ہمارے لیئے ہی یہ نغمہ گایا تھا “کہ چلیں تو کٹ ہی جائے کو سفر مگر آہستہ آہستہ” منزل مقصود پر پہنچ کر ہمارے ڈرائیور نے آہستگی سے میرا بازو پکڑا اور مجھے ایک طرف لے جا کر پوچھا کہ آپ کا یہ دوست کس طرح کا ہے ادھر پورے راستے اس نے کوئی گانا نہیں سننے دیا ادھر پورے سفر کے دوران اس نے سیکس اور عورتوں کے سوا کوئی بات نہیں کی-ہمارا دوست کوئی معمولی شخص نہیں بلکہ اقبال کا شاہین ہے سات پردوں کے پیچھے چھپی خاتون کو بھی ڈھونڈ لیتا ہے-ہم اس کی آنکھوں کے زاویے سے اندازہ لگا لیتے ہیں کہ عورت کہاں کہاں پرموجود ہے-بل بورڈ پر لگے شیمپو کے ایک اشتہار پر آویزاں ایک بےشرم اور نیم عریاں ماڈل خاتون کو دیکھ کر پہلے تو دس منٹ ہمیں معاشرے میں بڑھتی ہوئی فحاشی پر لیکچر دیا اور جب تنگ آ کر ہم نے اس برائی کا سدباب پوچھا تو اس کے نزدیک اسکا آسان ترین حل یہی تھا کہ اس ماڈل کی شادی ایک ایسے مومن سے ہو جس کی پہلے ہی دوعدد بیویاں ہوں جو اسےسر دھونے کے لیئے شیمپو نہیں بلکہ دیسی صابن دے-اس نے گارنٹی سے یہ دعوٰی کیا اگر اس کے بعد اس ماڈل خاتون کی ساری عریانی ناک کے راستےنہ نکل جائے تو میرا نام بدل دینا-شاعروں، افسانہ نگاروں، ڈرامہ اور فلم سازوں سے اسے ازلی نفرت ہے-ویسے تو موصوف گالی گلوچ کو غیر شرعی اور غیر اخلاقی سمجھتا ہے لیکن مذکورہ بالا لوگوں کے لیئے وہ نت نئی گالی اختراع کرتا ہے جسے سن کر ہمارے کان سائیں سائیں کرنے لگتے ہیں-افلاطون کے بعد ہمارے دوست کا نمبر آتا ہے جسے شاعروں سے شدید نفرت ہے-شاید افلاطون شاعروں کو اصطبل میں گھوڑوں کے ساتھ باندھ کر تسکین حاصل کر لیتا لیکن ہمارے دوست کے پاس شاعروں، افسانہ نگاروں، ڈرامہ اور فلم سازوں کا بہترین علاج ہے اگر اس پر عمل کیا جائے تو مجھے یقین ہے کہ افلاطون بھی اسکا شاگرد ہو جاتا-ہمارے دوست کے پاس ان کا بھی بہترین علاج یہ ہے کہ “ذرا ان سب کی دوسری اور تیسری شادی کرا دیجئے۔جب گود میں اٹھائے، ٹانگوں سے لپٹےپہلی دوسری تیسری کے بچے روتے دھوتوں کے عارض و رخسار دھلاتے اور ناک پونچھتے تو ان کی ساری شاعری ہوا ہو جائے گی-سب کو اللہ یاد آ جائے گا-مسجد میں سکون ملے گا اور انہیں سب کو سجدوں میں لذت ملے گی-سچ پوچھئے تو مجھےبیچاروں کی یہ سزا سن کر جھر جھری آ گئی-اکثر کالج سے آتی جاتی لڑکیوں کو دیکھ کر ہمارا دوست انہیںیبوست زدہ خواتین کہتا ہے-خدا گواہ ہے مجھے نہیں پتا کہ یہ یبوست زدہ کیا ہوتا ہے لیکن اپنے دوست کے لہجے اور چہرے کے تاثر سے میں اندازہ لگا سکتا ہوں یہ کوِئی بہت ہی خوفناک مخلوق ہو گی-لڑکیوں کی جلد شادی پر اس کو راسخ ایمان ہے اور انکی کمسنی میں شادی کے حوالے سے اسے احادیث اور روایات زبانی یاد ہیں وہ ہمارے سامنے اتنی خشوع خضوع سے احادیث کی تلاوت کرتا ہے کہ ہماری آنکھیں عقیدت سے جھک جاتی ہیں۔کمسنی کی شادی پر وہ کیا لیکچر دیتا ہے اب ہمیں زبانی یاد ہو گیا ہے جیسے ہی وہ اپنی بات شروع کرتا ہے ہم اس کے ساتھ لفظ بہ لفظ پڑھنا شروع کر دیتے ہی۔ فطری طرز زندگی میں بچی جلد بیاہ دی جاتی ہے جس سے اسکی پوری نسوانیت محفوظ ہو جاتی ہے-وہ بچی ہر سانچے میں ڈھل جانے والی، کشادہ دل، محبت کرنے والی اور محبت دینے والی ہوتی ہے-بہ نسبت اس لڑکی کے جس کی ساری محبت کاپیوں، ڈگریوں اور امتحانوں کی نذر ہو جاتی ہے اور پھر وہ ایک یبوست زدہ عورت کی شکل میں اس ڈھیر سے کئی قیمتی سال ضائع کرنے کے بعد برآمد ہوتی ہے-مردوں کی “مردانگی” پر ہمارے دوست کا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے-اکثر اس کی زبان پر ایک ہی ورد جاری رہتا ہے “بیسی کھیسی ساٹھا تے پاٹھا” عورت بیس سال کی عمر ہی میں ڈھل جاتی ہے جبکہ مرد ساٹھ سال کا بھی ہو کر جوان رہتا ہے-ایک اسی سالہ مرد کو ایک کمسن لڑکی کی عصمت دری کے الزام پر سزا ہو جاتی ہے اسکا دوست اسے جیل میں ملنے کے لئے آتا ہے اور اس سے سرگوشی میں پوچھتا ہے کہ اسی سال کی عمر میں اس نے یہ کام کیسے کر لیا تو وہ اسکو جواب دیتا ہے یار یہ عصمت دری میں نے نہیں کی اور نہ ہی میں کر سکتا ہوں بس الزام ہی اتنا مردانہ قسم کا تھا کہ میں انکار نہیں کر سکا-ہمارا دوست ہمیں اکثر یہی کہتا ہے کہ مرد جسے اللہ نے “چار” کے مطابق ذہنی، اعصابی اور جسمانی قوت دے کر دنیا میں بھیجا ہے تاکہ وہ زیادہ پرسکون، پاکیزہ اور مکمل زندگی گزار سکے-کانے دجال سے بھی ہمارے دوست کو شدید نفرت ہے ایک دن تنگ آ کر میں نے پوچھا یار کانا دجال پتا نہیں کب آنا ہے مگر تمہاری اس سے دشمنی کی وجہ روحانی ہے یا زنانی، تو وہ ناراض ہو کر فوراً ہمیں خارجی اور دائرہ اسلام سے خارج کر دیتا ہے اور ہمیں کانے دجال کے شر سے بچنے کی تلقین کرتا ہے کہ بچو اس وقت سے جب کانا دجال اس دنیا میں آئے گا اور فوراْ ہی مسند احادیث سنا دے گا ” دجال کی طرف نکلنے والی سب سے زیادہ عورتیں ہوں گی۔مرد انہیں رسیوں سے باندھ دے گا اس ڈر سے کہ وہ کہیں دجال سے نہ جا ملیں-تو ہم اس سے ڈر کے پوچھتے ہیں تو لوگ اپنی عورتوں کو کانے دجال سے کیسے بچائیںگے اور اسکا بھی اسکے پاس آسان جواب ہے اگر ایسا وقت آئے تو فوراْ بچی کی شادی کر دو اگر کوئی لڑکا نہ ملے تو بوڑھے مرد سے کردو اسکا اسکے سوا کوئی اور علاج نہیں۔

User Rating: Be the first one !

About Daily Pakistan

Check Also

نامعلوم افراد کی aاداکارہ مالا کی گاڑی پر فائرنگ، بھائی جاں بحق

فیصل آباد (غیلی پاکستان آن لائن) نامعلوم افراد نے سٹیج اداکارہ اور میک اپ آرٹسٹ …

Skip to toolbar