گینگ ریپ کا شکار بننے والی 8 سالہ بچی دم توڑ گئی
سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر مستنصر کی فیروز متاثرہ خاندان کے گھر آمد ،انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی
سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) پسرور تحصیل کے گاؤں بٹر ڈوگراں چننڈا میں دو افراد کے ہاتھوں گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی 8 سالہ بچی دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گئی۔
مرنے والی بچی ایک رکشا ڈرائیور کی بیٹی ہے، جو اپنے گھر کے سامنے کھیل رہی تھی کہ اسی گاؤں کے رہائشی دو مشتبہ افراد نے اسے جوس میں کچھ نشہ آور شے ملا کر دی اور ایک ویران عمارت میں لے گئے۔
ان دونوں افراد نے بچی کا گینگ ریپ کیا اور جب بچی نے شور مچانے کی کوشش کی تو انہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
جب کچھ مقامی افراد نے بچی کے چلانے کی آواز سنی تو مشتبہ افراد وہاں سے فرار ہو گئے۔
متاثرہ خاندان بچی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا جہاں وہ انتقال کر گئی۔
سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر مستنصر فیروز متاثرہ خاندان کے گھر گئے اور انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
بدیانہ پولیس نے لاش کو ایٹاپسی کے لیے پسرور ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا اور بچی کے والد کی مدعیت میں مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ڈی پی او فیروز نے ریپ کرنے والے دونوں مشتبہ ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا ہے۔