Breaking News
Home / انٹر نیشنل / کورونا پھیل رہاہے اسکے جلد ختم ہونے کے امکانات کم ہیں:عالمی ادارہ صحت

کورونا پھیل رہاہے اسکے جلد ختم ہونے کے امکانات کم ہیں:عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم نے کہا ہے کہ اب بھی زیادہ تر لوگوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ یہ وائرس ابھی تک پھیل رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کورونا کی وبا جلد ختم ہونے کے امکانات کم ہیں۔ نیوز ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے یہ بات ایک پریس بریفنگ میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ سب خواہش مند ہیں کہ یہ وبا ختم ہو جائے اور زندگی پہلے کی طرح رواں دواں ہو جائے مگر سچائی اور تلخ حقیقت یہ ہے کہ یہ مہلک وبا ختم ہونے کے قریب بھی نہیں پہنچی ہے حالانکہ عالمی سطح پر کئی ممالک نے اس ضمن میں کوشش کی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوماور نے اعتراف کیا کہ اس سلسلے میں کافی پیشرفت ہوئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہی ہے کہ یہ وبا زیادہ پھیل رہی ہے۔
پریس بریفنگ میں عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ مائیک ریان کا کہنا تھا کہ مہلک وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے محفوظ ویکسین کی تلاش میں بھی پیشرفت ہوئی ہے مگر تاحال اس ضمن میں کوئی گارنٹی نہیں دی جاسکتی ہے کہ کی جانے والی کوشش کب کامیاب ہو گی؟
نیوزایجنسی کے مطابق مائیک ریان کا کہنا تھا کہ جب تک ویکسین تیار نہیں ہو جاتی اس وقت تک تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ بیماری کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ٹیسٹنگ کریں، کورونا مثبت کیسز کے مریضوں کو سماجی تنہائی اختیار کرائیں اوران مریضوں کا جن سے بھی رابطہ رہا ہے انہیں ٹریک کریں۔ عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ مائیک ریان نے جاپان، جرمنی اور جنوبی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو جامع قرار دیتے ہوئے ان ممالک میں اپنائی جانے والی حکمت عملی کی تعریف بھی کی۔ عالمی ادارہ صحت کی سربراہی میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قائم اتحاد نے جمعہ کے دن مختلف ممالک کی حکومتوں اور نجی خیراتی اداروں سے اپیل کی تھی کہ وہ ٹیسٹس، علاج اور ویکسین کی تیاری کے لیے 31.3 ارب ڈالرز اکٹھا کرنے میں مدد دیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق جمعہ تک صرف 3.4 ارب ڈالرز جمع ہوئے تھے جب کہ مزید 27.9 ارب ڈالرز کی خطیر رقم درکار ہے۔

About Muhammad Imran Khan

Check Also

حکومت پاکستان دسمبر 2022تک پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لئے کوشاں ہے، امین الحق

اسلام آباد۔ 23نومبر (ڈیلی پاکستان آن لائن ) :وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی …

Skip to toolbar