لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، پاکستانی قوم کشمیر کاز کیلئے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے اور کشمیری عوام کے ساتھ اس وقت تک کھڑے رہے گی جب تک وہ اپنا پیدائشی حق، حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ کشمیر درحقیقت برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے،پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں ،پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اوربھارت کو کشمیری عوام پر ظلم کرنے سے روکنے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں ۔ کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل نکالا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
