کراچی ،ڈاکوﺅں سے مقابلے میں گلستانِ جوہر تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ اورحیم خان شہید ہوگئے
آئی جی سندھ نے سب انسپکٹر کی شہادت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں
پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا 2 طرفہ تبادلہ ہوا، ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے،ایس ایس پی ایسٹ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی کے علاقے گلستان جوہرمیں ڈاکوﺅں سے مقابلے میں گلستانِ جوہر تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ اورحیم خان شہید ہوگئے ، آئی جی سندھ نے سب انسپکٹر کی شہادت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گلستانِ جوہر میں سمامہ شاپنگ مال کے قریب ڈکیتی کی واردات انجام دینے والے ملزمان کی اطلاع ملنے پر پولیس پارٹی ایڈیشنل ایس ایچ او کی قیادت میں جائے وقوع پر پہنچی جہاں اس کا ملزمان سے مقابلہ ہوا، مقابلے میں ایڈیشنل ایس ایچ او رحیم خان شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق خالد بن ولیدروڈ پر بینک سے رقم نکال کر شہری گاڑی میں سوارہوا، کار سوار ملزمان نے شہری سے لوٹ مار کی کوشش کی، اطلاع ملنے پرفیروز آباد پولیس ملزمان کا تعاقب کررہی تھی، وائرلیس پرپیغام نشتر ہوتے ہی ضلع بھرکی پولیس متحرک ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ گلستان جوہر پولیس نے سفاری پارک کے قریب ناکہ لگایاتھا، پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کردی ، فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر رحیم خان شہید ہوگئے ، واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، جن کی تلاش جاری ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا 2 طرفہ تبادلہ ہوا، ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ جاں بحق اہلکار کی شناخت سب انسپکٹر رحیم خان کے نام سے ہوئی، جو تھانہ گلستانِ جوہر میں ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات تھے۔شہید ایڈیشنل ایس ایچ او سب انسپکٹر رحیم خان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
آئی جی سندھ نے گلستان جوہر مقابلے میں سب انسپکٹر کی شہادت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی تفصیلات اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔گلستان جوہرمقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہیں ، فوٹیج میں سفیدکارکوپہلے گزرتے دیکھاگیا، بعد میں پولیس موبائل آئی ، پولیس موبائل جیسے ہی رکی فائرنگ شروع ہوگئی۔
فوٹیج میں پولیس اہلکار کو موبائل سے اتر کر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے ، پولیس اہلکاروں کو پوزیشن لینے کا بھی موقع نہیں ملا۔