چین ایک بار پھر کرونا وائرس کے حملوں کی زد میں، لوگوں میں خوف و ہراس
امریکہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں وائرس کے 55 ہزار 187 نئے مریض سامنے آئے ہیں‘ امریکہ میں اب تک 40 لاکھ سے زیادہ افراد وبا کا شکار ہو چکے ہیں
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین نے کورونا وائرس کے ایک دن میں 61 نئے کیسز ریکارڈ کیے ہیں جس کے بعد ملک میں ایک مرتبہ پھر خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پیر کے روز چین میں کورونا وائرس کے 61 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو اپریل کے بعد سے ایک دن میں ریکارڈ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
14 اپریل کو 89 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے جن میں سے بیشتر وہ مریض تھے جو بیرون ممالک سے چین واپس آئے تھے۔ دوسری جانب امریکہ کی جنوبی اور مغربی ریاستوں میں کورونا متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
جان ہاپکنز یون یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں وائرس کے 55 ہزار 187 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ملک کے شمال مغربی صوبے سنکیانگ میں کورونا کے مقامی نوعیت کے 57 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ جولائی کے وسط میں صوبہ سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی میں اچانک کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا تھا۔
گذشتہ ہفتے چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ میں وائرس کے مقامی نوعیت کے 14 کیسز سامنے آئے تھے۔ اس کے علاوہ جنوبی کوریا کی سرحد کے پاس واقع چین کے صوبہ جلن میں بھی کورونا کے دو مریض سامنے آئے۔ صوبہ جلن میں مئی کے بعد پہلی مرتبہ کورونا کا کوئی کیس سامنے آیا ہے۔پیر کو سامنے آنے والے کورونا کے کیسز میں چار ایسے مریض تھے جو بیرون ملک سے واپس چین آئے تھے۔چینی حکام نے صوبہ لیاؤننگ کے شہر ڈالیان میں ہزاروں افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ٹیسٹ کی دوسری لہر کا آغاز صوبہ سنکیانگ کے شہر ارومچی میں بھی کر دیا گیا ہے۔ 35 لاکھ کی آبادی کے شہر ارومچی میں بیس لاکھ سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔
چین میں اتوار کو سپر لیگ فٹبال کے میچز کا آغاز ہونے کے بعد اتنی بڑی تعداد میں کورونا کے کیسز سامنے آئے۔وائرس پر قابو پانے کی غرض سے ارومچی اور ڈالیان شہر میں لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا گیا ہے جس کے بعد جنگی بنیادوں پر اس وبا سے نمٹا جا رہا ہے۔
ماہرین کو فی الوقت سنکیانگ میں حالیہ وائرس کے پھیلنے کی وجہ معلوم نہیں جس سے اب تک 178 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔دوسری جانب جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں وائرس کے 55 ہزار 187 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ کورونا سے شدید متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں اب تک 40 لاکھ سے زیادہ افراد وبا کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 46 ہزار سے زیادہ اموات واقع ہوئی ہیں۔امریکہ میں متاثرین کی تعداد کم ہونے کے بعد یک دم کیسز میں اضافہ ہوا ہے بالخصوص جنوبی اور مغربی ریاستوں کیلی فورنیا، ٹیکساس، ایلابامہ اور فلوریڈا میں۔دو ہفتے پہلے تک امریکہ میں روزانہ سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 60 ہزار سے کم ہوتی تھی۔ گزشتہ چار دنوں میں امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک ہزار سے بڑھ گئی ہے۔