Breaking News
Home / پاکستان / چیئرمین نیب بھی حکومت کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہے ہیں۔ مسلم لیگی رہنماء شاہد خاقان عباسی

چیئرمین نیب بھی حکومت کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہے ہیں۔ مسلم لیگی رہنماء شاہد خاقان عباسی

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماء شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت چیئرمین نیب کو بلیک میل کر رہی ہے ، نیب کھوکھلا ٹارزن ہے اور یہ چلنے والا نہیں ، کابینہ کے اجلاس میں دو دو گھنٹے صرف نواز شریف کی چائے کی پیالی پر بحث ہوتی ہے اگر ملک پر اس طرح کے کم ظرف اور گھٹیا سوچ رکھنے والے حکمران مسلط رہیں گے تو ملک نہیں چلے گا ، بجٹ کے موقع پر اپوزیشن کو غیر موثر کرنے کیلئے قائد حزب اختلاف کی گرفتاری کا منصوبہ بنایا گیا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کے سینئر مرکزی نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہبازشریف 20 ماہ سے نیب کو دس سے پندرہ مرتبہ جواب جمع کروا چکے ہیں ،70دن نیب کے ریمانڈ اور بعد ازاںجوڈیشل پر رہے لیکن نیب اس عرصے میں کوئی الزام ثابت نہیں کر سکا ۔56 کمپنیوں کی بڑی تشہیر ہوئی لیکن اس کا کیا ہوا ،آشیانہ ہائوسنگ سکیم، صاف پانی سکیم کا کیا بنا؟۔جب نیب کو کچھ نہ ملے تو اس کے پاس آخری حربہ آمدن سے زائد اثاثہ جات ، منی لانڈرنگ اور بے نامی رہ جاتے ہیں ،شہبازشریف نے سب کچھ نیب کو دیدیا ہے اور جو بھی کچھ مانگیں گے وہ بھی دیدیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے مطالبہ کیا کہ نیب کیمرے لگا کر تفتیش کرے تاکہ حقائق عوام کے سامنے آئیں، انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین بتائیں کہ انہوں نے 28مئی کو شہباز شریف کے گرفتاری کے وارنٹ کیوں نکالے جبکہ شہباز شریف کو تفتیش کے لئے 2جون کو طلب کیا جارہا ہے ،یہ بد نیتی نہیں تو اور کیا ہے ۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شوگر سکینڈل ،گندم اور ادویات سکینڈل کا ،فارن فنڈنگ کیس چھ سال سے التواء میں ہے ، بتایا جائے 13.25فیصد پالیسی ریٹ کس کے کہنے پر کیا گیا اور جو قرضے جو سابقہ حکومت نے سوا پانچ فیصد شرح سے لے سکتے تھے وہ 13.25فیصد پر کیوں لئے گئے ، اس سے کس کو فائدہ ہوا ہے ، اس کے ذریعے معیشت کو ڈبو دیا گیا۔
لیگی رہنماء نے کہا کہ احتساب عوام کے سامنے ہو ،نیب چیئرمین بتائیں کیا وہ حکومت سے ہدایات نہیں لیتے؟، حکومت کے وزیر اور ترجمان خود کہتے ہیں کہ نیب ہمارے کہنے پر کارروائی کرتا ہے ، وزیر نیب کی گرفتاریوں کے حوالے سے پیشگوئیاں کرتے ہیں،نیب اگر اس قسم کا ٹارزن ہے تو کھوکھلا ٹارزن ہے اور یہ ٹارزن چلنے والا نہیں ہے ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کے ٹیسٹوں کی رپورٹس حکومت کے پاس موجود ہیں ، کیا مریض چائے نہیں پی سکتا اور چہل قدمی نہیں کر سکتا ، جو شخص سٹریچر پر ہو یا آئی سی یو میں پڑا ہو صرف وہی مریض نہیں ہوتا ،اگر ملکی مسائل کا حل نواز شریف کو واپس لا کر جیل میں ڈالنا ہے اور ہمیں جیل میں ڈالنا ہے تو ہم کل ہی جیلوں میں جانے کو تیار ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ میں خود شوگر کمیشن کے سامنے پیش ہوا تھا،347صفحات کی رپورٹ میں چینی کی قیمت بڑھنے اور اس کے ذمہ داروں کے تعین کے علاوہ دنیا کی ہر چیز موجود ہے ۔

User Rating: Be the first one !

About Daily Pakistan

Check Also

بیگم صفدراعوان کا ”ووٹ کو عزت دو“کا نعرہ دراصل ”مجھے لندن جانے دو“کی دہائی ہے‘ فیاض الحسن چوہان

بیگم صفدراعوان کا ”ووٹ کو عزت دو“کا نعرہ دراصل ”مجھے لندن جانے دو“کی دہائی ہے‘ …

Skip to toolbar