چیئرمین سینیٹ نے نیب آفس کے باہر مریم نواز کی گاڑی پر پتھراﺅ کامعاملہ پر سینیٹ کی انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا
مریم نواز کی نیب پیشی پر کارکنان پر زہریلی گیس استعمال کی گئی،خدشہ ہے پتھر کے علاوہ کچھ اور بھی عناصر ہوں گے، پرویز رشید
مریم نواز کی پیشی کے موقع پر جھتے نے نیب دفتر پر حملہ کیا ، واقعہ کی انکوائری کی جائے ، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا ، شہزاد وسیم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین سینیٹ نے نیب آفس کے باہر مریم نواز کی گاڑی پر پتھراﺅ کامعاملہ پر سینیٹ کی انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔
جمعرات کو سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات معطل کرنے کی تحریک منظور کی گئی ۔
تحریک قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم اور قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق نے پیش کی ۔
چیئرمین سینیٹ نے وقفہ سوالات معطل کردیا۔
اجلاس کے دور ان لیگی رکن اسمبلی پرویز رشید نکتہ اعتراض پر کہاکہ مریم نواز کی نیب پیشی پر کارکنان پر زہریلی گیس استعمال کی گئی،کارکنان پر تشدد کیا گیا،جو گاڑی مریم نواز استعمال کررہی تھیں وہ بلٹ پروف تھی۔
انہوں نے کہاکہ پولیس کی وردی میں ملبوس گاڑی پر یلغار کی گئی،گاڑی کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا،ماہرین کے مطابق بلٹ پروف گاڑی کا شیشہ صرف پتھروں سے نہیں ٹوٹتا،خدشہ ہے پتھر کے علاوہ کچھ اور بھی عناصر ہوں گے،گزارش ہے کہ اس معاملے قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے سپرد کیا جائے۔
سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیب لاہور میں پیشی کے موقع پر انتہائی ناشگوار واقعہ پیش آیا ،نیب دفتر پر جو حملہ کیا گیا یہ اچھی روایت نہیں ہے ،مریم نواز کی پیشی کے موقع پر جھتے نے نیب دفتر پر حملہ کیا ،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا ایک لمحہ فکریہ ہے ،اس پورے واقعہ کی انکوائری ہونی چاہیے ،جو قانون ہے وہ اپنا راستہ ضرور لے ۔
انہوں نے کہا کہ اداروں میں پیش ہونے کا ایک طریقہ کار ہے ،اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقاف ہونی چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ۔چیئرمین سینیٹ نے معاملہ سینیٹ کی انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔