پاکستان کی کابل کی مساجد میں دہشت گرد حملوں کی مذمت
ہم افغانستان کے عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کے ایسے غیرانسانی اقدامات کا کوئی بھی جواز نہیں ہوسکتا، عائشہ فاروقی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے کابل میں واقع وزیراکبرخان اور شیر شاہ سوری مساجد پر حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم افغانستان کے عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
اتوار کو ترجمان عائشہ فاروقی نے کہاکہ دہشت گردی کے ان بہیمانہ واقعات میں نامور مذہبی شخصیات ڈاکٹر ایاز نیازی اور مولوی عزیزاللہ مفلح سمیت دیگر بے گناہ افراد شہید ہوئے۔ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرجمیل دے۔ آمین ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی ہے اور ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
ہم افغانستان کے عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کے ایسے غیرانسانی اقدامات کا کوئی بھی جواز نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔