کامیاب نفاذ ٹیکس کی تعمیل ،آمدنی کے جمع کرنے کو بڑھائے گا ‘ سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کیو آر کوڈ ادائیگی کے نظام کو اپنانے کی ضرورت ہے ،کیو آر کوڈ پر مبنی ای انوائسنگ کا کامیاب نفاذ نہ صرف ٹیکس کی تعمیل اور آمدنی کے جمع کرنے کو بڑھائے گا بلکہ ایک زیادہ جامع اور منصفانہ معیشت میں بھی مددگار ثابت ہوگا،،ٹیکنالوجی کو اپنانے میں موجود چیلنجز پر قابو پا کر پاکستان زیادہ شفاف، موثر اور ترقی پر مبنی ٹیکس سسٹم کے لیے راہ ہموار کر سکتا ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ کیو آر کوڈز کے سب سے اہم استعمالات میں سے ایک ای انوائسنگ ہے جو ٹیکس کی تعمیل، مالی شفافیت اور عملیاتی استعداد کو ازسرِ نو تشکیل دے رہا ہے،کیو آر کوڈز انوائسنگ کے عمل کو آسان بناتے ہیں اورکاغذی دستاویزات پر انحصار کم ہوتا ۔انہوںنے کہا کہ کیو آر کوڈز نہ صرف مالیاتی لین دین کی رفتار اور سہولت میں بہتری لا رہے ہیں بلکہ تجارت میں بے مثال شفافیت بھی فراہم کر رہے ہیں۔ حکومت کو دیکھنا ہوگا کہ کیوں اس اہم اقدام کے لئے پیشرفت نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے انوائس جنریٹ نہ ہونے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ٹیکس لیکج ہو رہی ہے ۔ علی عمران آصف نے کہاکہ دنیا کے کئی ممالک نے اپنے ٹیکس نظام کو جدید بنانے اور آمدنی کی وصولی کو بہتر بنانے کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی ای انوائسنگ کو اپنا لیا ہے۔ابتدائی طورپر اس کے لئے مراعات کی پیشکش کرنا پڑے گی تاکہ لوگ اس کی جانب راغب ہوں جس سے حکومت کے لئے بڑے فوائد سامنے آئیں گے۔
