کسانوں کو منڈیوں تک آسان رسائی اور مڈل مینوں سے چھٹکارا ان کی خوشحالی کی راہ ہموار کر سکتا ہے’سابق وفاقی وزیر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی زرعی شعبے سے وابستہ ہے اور کسانوں کا استحصال ملکی معیشت کے لیے مہلک ہوسکتا ہے، کسانوں کو منڈیوں تک آسان رسائی اور مڈل مینوں سے چھٹکارا ان کی خوشحالی کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ 97میں عمائدین اور اہل علاقہ سے ملاقات میں کیا۔سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان کی جانب سے ماموں کانجن، تاندلیانوالہ اور کنجوانی میں قائم سیاسی دفاتر کا دورہ بھی کیا گیا جہاں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے وعدوں پر قائم ہیں اور انشا اللہ اپنے حلقے کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔حلقے میں قائم سیاسی دفاتر کے ذریعے عوام کی دادرسی میں مصروف ہیں اور حلقے کے دیرینہ مطالبات مسلسل ہر فورم پر اٹھا رہے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی کی جدید تعلیم تک رسائی دینے کے لیے این اے 97 میں ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا قیام عمل میں لائے تاکہ نوجوانوں کو باعزت روزگار کے ذرائع میسر آئیں۔
