ڈٹ کر تمام تر فسطائیت کا مقابلہ کر رہے ہیں،انشااللہ ان بوگس کیسز میں سرخرو ہوں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کے لئے پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ پی ڈی ایم ون کے تجربے سے بھی زیادہ مہلک ثابت ہو رہا ہے،رجیم چینج کے بعد سے 13کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ،ہر شعبہ زوال پذیرہے ۔ انہوں نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ہم پر مختلف شہروں میں درجنوں کے حساب سے بوگس کیسز بنائے گئے ہیں جن میں ہم روز عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں،ہم ان بوگس کیسز سے گھبرانے والے نہیں ہیں،ہم ڈٹ کر تمام تر فسطائیت کا مقابلہ کر رہے ہیں،انشااللہ ہم ان بوگس کیسز میں سرخرو ہوں گے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جعلی حکومت کی جانب سے کسانوں کا مسلسل استحصال کیا جا رہا ہے، سبسڈی ختم کی گئی، زرعی ٹیکس لگایا، ڈیزل، بجلی اور یوریا کی قیمتیں بڑھائی، ہماری ٹیکسٹائل صنعت اپنی استعداد سے نصف پر چل رہی، ہر شعبہ زوال پذیر ہے اور ترقی صرف اشتہارات تک محدود ہے،تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں کورونا اور عالمی مہنگائی کے باوجود، غربت کی شرح میں پانچ فیصد کمی آئی تھی،رجیم چینج کے بعد سے 13کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں،ملک کے لئے پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ پی ڈی ایم ون کے تجربے سے زیادہ مہلک ثابت ہو رہا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی اور مقبول جماعت ہے،نوے فیصد عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے،جب ملک کی سب سے بڑی جماعت سے مفاہمت نہیں کی جائے گی،انہیں دیوار سے لگایا جائے گا،ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔
