معاشرے کو خواجہ سراﺅں کے حوالے سے سوچ میں مثبت تبدیلی لانا ہو گی ‘ رابی پیرزادہ
ہمیں خواجہ سراﺅں کو بھی اپنے معاشرے کے حصے کے طو رپر تسلیم کرنا ہوگا ‘ انٹرویو میں گفتگو
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) شوبزکو خیر باد کہنے والی رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواجہ سراﺅں کو تضحیک اور نفرت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے لیکن ہمیں ان کے حوالے سے اپنی سوچ میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔
ایک انٹر ویو میں رابی پیرزادہ نے کہا کہ خواجہ سراﺅں پر تشدد اور زیادتی کے واقعات عام سننے کو ملتے ہیں، آخر اس نفرت کی وجہ کیا ہے؟ کیا صرف یہی کہ وہ جسمانی طور پر عورتوں اور مردوں سے مختلف ہیں، لیکن اس میں ان خواجہ سراﺅں کا کیا قصور ہے ،یہ تو خدا کی تخلیق ہے۔ خدا کی بنائی ہوئی دوسری مخلوق کی طرح ہم انہیں اس معاشرے کا حصہ کیوں تسلیم نہیں کرتے۔ رابی پیرزادہ نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور اپنی سوچ میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ خواجہ سرا ءمعاشرے میں فحاشی کا سبب ہیں لیکن جب آپ کسی طبقے کی راہیں محدود کریں گے تب ہی وہ متبادل راہوں کا انتخاب کرے گا۔ ہمیں خواجہ سراﺅں کو بھی اپنے معاشرے کے حصے کے طو رپر تسلیم کرنا ہوگا اور انہیں انسان جانتے ہوئے ان سے برابری کا سلوک کرنا ہوگا۔