8 فروری کے پرامن احتجاج کی وجہ سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ،عوام کو انکا حق مانگنے سے روکنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا جا رہا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جبکہ (ن) لیگ کی کارکردگی صرف اشتہارات تک محدود ہے،پی ٹی آئی کے 8 فروری کے پرامن احتجاج کی وجہ سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،عوام کو انکا حق مانگنے سے روکنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ حکومتی وزراء کی جانب سے مہنگائی کم ہونے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، جب پارلیمنٹرینز کی تنخواہوں میں 300فیصد اضافہ ہو گا تو مہنگائی کم ہی لگے گی،حقیقت یہ ہے کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے،گرمیوں میں بجلی کے بلوں سے عوام خودکشیاں کر رہے تھے اب سردیوں میں گیس کے بل 500فیصد زیادہ آرہے ہیں، (ن) لیگ کی کارکردگی صرف اشتہارات تک محدود ہے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے 8فروری کے پرامن احتجاج کی وجہ سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور جگہ جگہ چھاپے مار کر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں،مدثر رضا مچھیانہ کے گھر پر پولیس نے ریڈ کر کے انکے بھتیجوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا،8فروری 2024ء کو ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی اور اب عوام کو انکا حق مانگنے سے روکنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف تجاوزات اور ناجائز قبضہ کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب حکومت خود جعلی فارم 47کے تحت اقتدار پر قبضہ کئے ہوئے ہے،کسی غریب سے اسکا روزگار چھیننے سے بہتر ہے کہ جعلسازی سے اقتدار میں قبضہ کرنے والوں سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔
