شافع حسین کا چین میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے والے کارخانے کادورہ،بیٹریوں کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چین کے شہر شین زین میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے والی فیکٹری کا دورہ کیا اور لیتھیئم بیٹریوں کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔چین کی لیتھیئم بیٹریاں بنانے والی کمپنی نے پنجاب میں پلانٹ لگانے کا اعلان کیا اس حوالے سے محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور چین کی کمپنی کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چین کی کمپنی کے چیئرمین رک شیک نے معاہدے پر دستخط کئے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی بڑی کمپنی کے ساتھ پنجاب میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے کا کارخانہ لگانے کا معاہدہ خوش آئند ہے ، چین کی کمپنی کو پنجاب میں پلانٹ لگانے کیلئے ہرممکن سہولت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس گروپ کے ساتھ لاہور میں ملاقات ہوئی تھی جس نے چین میں اپنے پلانٹ کے دورے کی دعوت دی تھی۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول موجود ہے۔غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔چین کی کمپنی کے چیئرمین رک شیک نے کہا کہ ہمارا گروپ انڈسٹری ،کمرشل اور گھریلو استعمال کیلئے بیٹریاں بنا رہا ہے اور یہ بیٹریاں انرجی سٹور کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے کا پلانٹ لگائیں گے۔ صوبائی وزیر کو کمپنی کے ڈائریکٹر مسٹر جوہن نے بیٹریوں کی تیاری کے عمل بارے بریفنگ دی۔
