تین بوگیاں پٹڑی سے اتریں گئیں ،سی ای او نے ڈی ریلمنٹ کی تحقیقات کا حکم دیدیا،ٹرینوں کا شیڈول متاثر
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس شاہدرہ کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی ، ٹرین کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتریں گئیں ،سی ای او نے ڈی ریلمنٹ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔بتایا گیا ہے کہ لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی تین بوگیاں شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئیں ، ٹرین کی ایک بوگی پل سے نیچے اتر گئی۔حادثے کے باعث اپ اینڈ ڈائون ٹریک بند ہو گیا جس سے ٹرینوں کا شیدول بری طرح متاثر ہوا۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اورریلیف کرین شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کی طرف روانہ کردی گئی ۔ریلوے ترجمان کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی تین کوچز شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ڈی ریل ہوئیں، حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل ہو گئی ۔ ترجمان نے کہا کہ ریلوے افسران اور عملہ نے موقع پر پہنچ کر امدادی کام شروع کر دیا جبکہ سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ نے ڈی ریلمنٹ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔لاہور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق شاہدرہ ریلوے اسٹیشن پر شالیمار ایکسپریس کی ڈی ریلمنٹ کے باعث لاہور اور فیصل آباد سے کراچی،کوئٹہ سمیت دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینوں کا شیڈول از سر نو ترتیب دیا گیا ۔قراقرم 42ڈائون کو لاہور سے کراچی کیلئے براستہ ساہیوال چلایا گیا جبکہ فیصل آباد سے کراچی کیلئے قراقرم کے مسافروں کو ملت ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا گیا۔کراچی کے لئے ملت ایکسپریس 18ڈائون دو گھنٹے کی تاخیر سے فیصل آباد ، بزنس ایکسپریس 34ڈائون کراچی کیلئے چار گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی ۔
