چاغی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شاہی خاندان کے 11 افراد تلور کے شکار کے لیے ضلع چاغی پہنچ گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شاہی شکاری شیخ سلطان بن تہنون بن محمد النہیان کی قیادت میں خصوصی طیارے کے ذریعے دالبندین ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی نے شاہی وفد کا استقبال کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یو اے ای کے شکاری پہلی مرتبہ چاغی آئے ہیں کیونکہ اس سے قبل انہیں شکار کے لیے نوکنڈی، تفتان اور سندیک کے علاقے دیے جاتے تھے۔
ایئرپورٹ پہنچنے پر سول اور عسکری حکام بھی شاہی شکاریوں سے ملے جس کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی میں بذریعہ سڑک کچھ ناور کے علاقے میں ان کے کیمپ لے جایا گیا۔
اماراتی وفد میں شیخ سلطان بن تہنون النہیان، عارف محمد، محمد اسمٰعیل، محمد متر عبید دالموک، محمد سعید شووین، عید جوآن محمد الشمسی، راشد نائل رشید، عبداللہ عودھ سعید، عبدالستار، علی مصیبح مسہار، سعید عبدللہ احمد اور تنویر ضیا ڈار شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وفد جس کے پاس شکار کے لیے سامان اور شاہینوں ہیں وہ ایک ہفتے کے لیے اس علاقے میں رکے گا۔