Home / انٹر نیشنل / عمان کی فضائی حدود بھی پی آئی اے کے لیے بند ہونے کا خدشہ

عمان کی فضائی حدود بھی پی آئی اے کے لیے بند ہونے کا خدشہ

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) گزشتہ ماہ سے پاکستان ایوی ایشن ریگولیٹر اور قومی ایئر لائن کو اپنی ساکھ کو متاثر کرنے والے بحران کا سامنا ہے اور اب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں کو عمان کی فضائی حدود کی بندش کا خطرہ بھی درپیش ہے۔
تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے عمانی ایوی ایشن حکام کو یقین دلایا گیا ہے کہ فلائٹ سیفٹی یقینی بنانے کے لیے تمام پائلٹس کی اسناد کی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی سیفٹی کے حالیہ معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عمانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کو خبردار کیا کہ پی آئی اے کو اس کی فضائی حدود کے استعمال سے روکا جاسکتا ہے۔ عمانی حکام نے اسلام آباد سے یہ بھی کہا کہ وہ یہ بتائیں کہ پروازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان سی اے اے نے عمانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بتایا کہ جن پائلٹس کو پرواز کرنے کی اجازت دی گئی تھی ان سب کی اسناد کی جانچ اجازت دینے سے قبل کی جاچکی تھی۔
ذرائع کے مطابق عمانی حکام کو مزید بتایا گیا کہ پاکستانی حکام نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر چند برس قبل پائلٹس کی جانچ پڑتال شروع کی تھی۔
علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اقتدار میں آئی تو جانچ پڑتال کا عمل تیز ہوا لیکن ہمارے پائلٹ لائسنس کبھی جعلی نہیں ہوتے، بعض اوقات صرف ان کی درستی کے مسائل ہوتے ہیں۔
امتحانات میں بے ضابطگی ہوئی تھی جس کے بعد ان پائلٹس کو فرانزک رپورٹ کی روشنی میں گراؤنڈ کردیا گیا تھا۔
ساتھ ہی ذرائع نے بتایا کہ طیارہ اڑانے والے پی آئی اے کے تمام پائلٹس کو جانچ پڑتال کے بعد کلیئر کردیا گیا تھا اور وہ سب تجربہ کار تھے۔
واضح رہے کہ ہوا بازی کے بحران کے باعث دیگر 7 ممالک جہاں پاکستانی پائلٹس مختلف ایئر لائنز میں ملازمت کررہے ہیں، انہوں نے اسلام آباد سے ان پائلٹس کی اسناد کی تصدیق کرنے کا کہا تھا۔
اگرچہ عمانی سی اے اے نے سرکاری طور پر وہاں موجود پاکستانی پائلٹس کی تصدیق کے لیے کوئی مخصوص فہرست نہیں ارسال کی لیکن حکام نے صرف اسلام آباد سے یہ وضاحت طلب کی ہے کہ پروازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں تاکہ پی آئی اے کو عمان کی فضائی حدود کے استعمال سے نہ روکا جائے۔

About Muhammad Imran Khan

Check Also

پاکستان سپر لیگ سیزن کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 40رنز سے شکست دیدی

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز …

Skip to toolbar