ڈان نیوز نے بے بنیاد خبر دی ، قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں،ہمارے وکلاء کی ٹیم ڈٹ کر کھڑی ہے’ سینئر رہنما پی ٹی آئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ڈان نیوز نے علی عمران ایڈووکیٹ کو میرے کیس میں پیش ہونے یا مجھے نیا وکیل کرنے کے حوالے سے نوٹس کے اجرا کے حوالے سے قطعی بے بنیاد خبر دی ہے ،عدالت کی جانب سے علی عمران ایڈووکیٹ کو صرف توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا ہے تاہم انہیں میرے کیس میں پیش ہونے سے روکنے یا مجھے نیا وکیل کرنے کے حوالے سے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا ،بے بنیاد خبر پر قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ڈان نیوز کی خبر کے حوالے سے اپنے سخت رد عمل میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ میرے وکیل علی عمران ایڈووکیٹ نے گواہان اور حکومتی وکلا کی عجیب و غریب حرکات پر آواز اٹھائی جس پر عدالت نے انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ۔ علی عمران ایڈووکیٹ اس نوٹس کے بعد عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے اور مجھے بھی ہدایت کی گئی ہے کہ میں اپنا وکیل تبدیل کر لوں ڈان نیوز کی سراسر من گھڑت اور حقائق کے منافی خبر ہے ۔وکیل کو دئیے گئے نوٹس میں آرٹیکل 21کا کوئی ذکر نہیں ،یہ کردار کشی کی ایک کوشش ہے،اس سے کنفیوژن پھیلائی جا رہی ہے تاکہ ہمارے وکیل عدالت نہ جاسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں اپنے تمام وکلا ڈاکٹر علی عمران ، جواد ملک ، طارق نون، آصف ساہی، عدنان کلار، چوہدری خالد شفیق اور عادل وڑائچ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جو اس مشکل گھڑی میں ڈٹ کے کھڑے ہیں اور فسطائیت کے ہتھکنڈوں کے باوجود انتہائی جرات اور بہادری سے جھوٹے کیسز کا دفاع کر رہے ہیں ۔ جس طرح ہمارے لیڈر عمران خان جعلی کیسز کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں ہم بھی ان شااللہ اسی پر کاربند رہیں گے اور ان ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہوں گے ۔
