شوبز کے لوگ جتنی محنت سازشیں کرنے پرکرتے ہیں اسکا پچاس فیصد کام پر کر لیں تو انڈسٹری ترقی کی منازل طے کرلے‘ میرا
ہمارے معاشرے میں حسد اور غیبت جیسی برائیاں موجود ہیں لیکن شوبز انڈسٹری اس کا سب سے زیادہ شکار ہے ‘ انٹر ویو میں گفتگو
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) نامور اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ شوبز کے لوگ جتنی محنت سازشیں کرنے پرکرتے ہیں اگر اس کا پچاس فیصد کام پر کر لیں تو ہماری انڈسٹری ترقی کی منازل طے کر سکتی ہے، یہ درست ہے کہ ہمارے معاشرے میں حسد اور غیبت جیسی برائیاں موجود ہیں لیکن شوبز انڈسٹری اس کا سب سے زیادہ شکار ہے ۔
ایک انٹر ویو میں میرا نے کہا کہ کیا لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میری باتوں کو غیر سنجیدگی سے لے کر ان کا مذاق اڑایا جاتا ہے تو مجھے اس کا علم نہیں ہوتا ، ایسا ہرگز نہیں ہے بلکہ میں اپنا معاملہ خدا کی ذات پر چھوڑ دیتی ہوں اور وہ بہترین انصاف کرنے والا ہے ۔ میرا نے کہا کہ شوبز کے لوگ غیبت کرتے ہوئے یہ بات بھول جاتے ہیں کہ ہم نے اس کا حساب بھی دینا ہے اور اللہ کے ہاں اس کا بڑا سخت حساب ہے ۔
میرا نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے حالات سے صرف میں ہی نہیں بلکہ اس سے جڑے ہوئے تمام لوگ متاثر ہوئے ہیں اور خدا کی ذات سے دعا ہے کہ ہماری انڈسٹری کے حالات میں جلد سدھار آئے اور یہ دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے۔