منبج کے جنوب میں دو قصبات پر انقرہ کے حمایت یافتہ فوجیوں کے حملوں سے تازہ ترین جھڑپ شروع ہوئی،آبزرویٹری
دمشق(ڈیلی پاکستان آن لائن +این این آئی)ایک جنگی نگران نے جمعرات کو بتایا کہ شمالی ضلع منبج میں کردوں کے زیرِ قیادت سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف)کے ساتھ جھڑپوں میں کم از کم 24 فوجی ہلاک ہو گئے جن میں زیادہ تر ترکیہ کے حمایت یافتہ گروہوں سے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ تشدد میں 23 ترک حمایت یافتہ فوجی اور ایس ڈی ایف سے منسلک منبج ملٹری کونسل کا ایک رکن ہلاک ہو گیا۔برطانیہ میں قائم جنگی نگران ادارے نے کہا کہ منبج کے جنوب میں دو قصبات پر انقرہ کے حمایت یافتہ فوجیوں کے حملوں سے تازہ ترین جھڑپ شروع ہوئی۔شمالی شام کے وسیع علاقے پر کردوں کی قیادت والی انتظامیہ کا کنٹرول ہے جس کی ڈی فیکٹو فوج اور امریکی حمایت یافتہ ایس ڈی ایف نے اس لڑائی کی قیادت کی جس نے 2019 میں شام میں داعش کو اس کے آخری علاقے سے نکالنے میں مدد کی تھی۔
