عوام میں مایوسی بڑھتی جارہی جس کا سدباب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ‘ وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ نے کہا ہے کہ سائلین کو انصاف کی بروقت فراہمی کے لئے عدالتوں میں ججز کی تعداد پوری کی جائے ،عوام میں مایوسی بڑھتی جارہی ہے جس کا سدباب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔وہ وکلاء کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پنجاب بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین فاروق ڈوگر،سابق وائس چیئرمینز چودھری بابر وحید،کامران بشیر مغل،فرحان شہزاد، سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت علی سوہل، اکائونٹنٹ آفیسر راناعمیر دیگر موجود تھے۔ عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ جن شہروں کی عدالتوں میں ورک لوڈ زیادہ ہے وہاں ججز کی تعداد کم ہے ۔وہاں سائلین کے لیے پانی ہے نہ ہی انتظار گاہیں۔انصاف کی بروقت فراہمی کی یقینی ہے نہ ہی زندگی محفوظ،جس کی وجہ سے عوام میں مایوسی بڑھتی جارہی ہے جس کا سدباب کرنا حکومت کی اولین ترجیحات ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جن شہروں میں لوڈ زیادہ ہے وہاں ججز کی تعداد بڑھائی جائے ۔جہاں سائلین کے لیے سہولیات مہیا نہیں وہاں انتظار گاہیں،واٹر ٹینک مہیا کیے جائیں ۔
