دو صحافیوں کے قتل کے جرم میں عراقی شخص کو پھانسی کی سزا
بغداد (ڈیلی پاکستان آن لائن)عراق کی سپریم کورٹ نے پیر کے روز جنوبی شہر بصرہ میں حکومت مخالف مظاہروں کی کوریج کرنے والے دو صحافیوں کے قتل کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی کی سزا سنائی ہے۔الدجلہ ٹیلی ویژن اسٹیشن کے 37 سالہ نمائندے احمد عبد الصمد اور ان کا 26 سالہ کیمرہ مین صفا غالی جنوری 2020 میں اپنے آبائی شہر بصرہ میں گاڑی چلا رہے تھے جب ایک دوسری گاڑی سے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ بصرہ کی عدالت نے ایک بیان میں کہا کہ سزا یافتہ شخص، جس کی شناخت صرف ”ایچ کے” کے نام سے ہوئی ہے اس نے تمام جرائم کا اعتراف کر لیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ قاتل نے سیکورٹی اور ملکی استحکام کو تباہ کرنے اور لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے لیے ان دونوں صحافیوں کا قتل کیا ہے۔ اس نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ وہ کسی گروپ سے تعلق رکھتا تھا۔ایک سیکورٹی اہلکار نے بتایا کہ قاتل کو 2021میں دیگر چار افراد کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق ابھی عراق کے صدر برہم صالح نے قاتل کی پھانسی کے فرمان پر دسخط کرنے ہیں تاہم قاتل کے پاس اپنے خلاف آئے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے 30دن کا وقت ہے۔