Breaking News
Home / پاکستان / دنیا کو لیبر کمیونٹی کے تحفظ کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ عمران خان

دنیا کو لیبر کمیونٹی کے تحفظ کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ عمران خان

پاکستانی معیشت کا بڑا حصہ غیر رسمی معیشت پر مشتمل ہے اور زیادہ تر مزدور طبقہ رجسٹرڈ نہیں ہے۔ عمران خان

اسلام آباد ۔ (ڈیلی پآکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی وباء سے متاثرہ مزدور طبقے کے تحفظ کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا ہوگی، بڑے ملکوں کو اس مسئلہ پر قائل کرنا ہوگا کہ وہ مزدور طبقے کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اختیار کریں۔
انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او)کے زیر اہتمام پانچ روزہ عالمی کانفرنس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کورونا کی وباء کے باعث لاک ڈائون سے دنیا بھر کا مزدور طبقہ متاثر ہوا ہے، دنیا کو لیبر کمیونٹی کے تحفظ کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وباء سے مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ہمارے لئے یہ وباء ایک دوہرے چیلنج کی صورت میں سامنے آئی، ایک طرف ہمیں اپنے لوگوں کو اس وباء اور اس کے پھیلنے سے بچانا تھا کیونکہ اگر یہ تیزی سے پھیلتی تو ہسپتالوں میں مریضوں کا رش لگ جاتا اور سنبھالنا مشکل ہو جاتا۔ اس لئے اس وباء کے پھیلائو کو روکنا ہمارے لئے اہم تھا، دوسری طرف ہماری معیشت میں زیادہ تر لوگ چھوٹے کاروبار اور لیبر سے منسلک ہیں، لاک ڈائون ہوتے ہی یہ لوگ بے روزگار ہو گئے جس کی وجہ سے ان خاندانوں کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری معیشت کا بڑا حصہ غیر رسمی معیشت پر مشتمل ہے اور زیادہ تر مزدور طبقہ رجسٹرڈ نہیں ہے۔ لاک ڈائون کی وجہ سے پہلے دو تین ہفتوں میں چھوٹے طبقے کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ہم نے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اختیار کی چونکہ ہمیں اپنے چھوٹے اور کمزور طبقے کو بچانا تھا۔ ہم نے عوامی اجتماعات، اسکولوں اور کالجوں، کھیلوں کی سرگرمیوں سمیت لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لگائی لیکن ہم نے تعمیرات اور زرعی شعبہ کو کھولا کیونکہ زرعی شعبہ کو بند کرنے سے خوراک کا بحران پیدا ہو جاتا، اس کے علاوہ ہم نے کمزور طبقے کو نقد رقم کی منتقلی کا عمل شروع کیا، غیر رجسٹرڈ افراد کو فوری طور پر احساس پروگرام میں رجسٹر کیا۔ رجسٹریشن کے لئے ہم نے خصوصی ڈیسک قائم کئے۔ مختصر وقت میں پاکستان میں کبھی اتنی بڑی کیش گرانٹ نہیں دی گئی جس نے ہمیں لاک ڈائون کے بدترین اثرات سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے برعکس بھارت نے کرفیو لگایا، وہاں لاکھوں مزدور بے روزگار ہونے سے صوترحال ابتر ہوئی اور لوگ بھوکے مرنے لگے، وہاں لاک ڈائون سے غربت کی شرح بڑھی۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل غیر یقینی ہے اور کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ صورتحال سنبھلنے میں کتنا وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعا کر رہے ہیں کہ اس کی ویکسین جلد آئے تاکہ اس وائرس پر قابو پایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مزدور طبقہ اس وباء سے سب سے زیادہ متاٰثر ہوا، ہمیں مل کر مزدوروں کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنانا ہوگی۔ اس وقت کاروبار دیوالیہ پن کا شکار ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت بے حد متاثر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم شہریوں کے لئے بھی حکمت عملی اختیار کرنا پڑے گی کیونکہ بڑی تعداد میں ہمارے ورکر دوسرے ملکوں میں ہیں اور ہمارا انحصار غیر ملکی زرمبادلہ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بڑے ملکوں کو اس مسئلہ پر قائل کرنا ہوگا کہ وہ مزدور طبقے کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اختیار کریں، اگرچہ وہ خود مشکل صورتحال میں ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مزدوروں پر اثرات کم کرنے کے لئے جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی، مشکل وقت میں اہم ترین کانفرنس کے انعقاد پر شکر گذار ہوں۔ ہم اپنے تجربات دنیا کے دوسرے ملکوں کے ساتھ شیئر کرنے کے لئے تیار ہیں اور دوسرے ممالک کے تجربات سے استفادہ کے بھی خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مشکلات اور حکمت عملی سے دنیا کو آگاہ رکھیں گے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ کانفرنس آغاز ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ مزدوروں کی مدد کے لئے بے حد اہم ثابت ہوگی۔ وزیراعظم نے توقع کا اظہار کیا کہ مل کر بیٹھنے اور بات چیت سے آگے بڑھنے کے لئے راستہ نکلے گا۔

User Rating: Be the first one !

About Daily Pakistan

Check Also

بیگم صفدراعوان کا ”ووٹ کو عزت دو“کا نعرہ دراصل ”مجھے لندن جانے دو“کی دہائی ہے‘ فیاض الحسن چوہان

بیگم صفدراعوان کا ”ووٹ کو عزت دو“کا نعرہ دراصل ”مجھے لندن جانے دو“کی دہائی ہے‘ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Skip to toolbar