تعمیراتی شعبے کوریلیف سے معیشت نا قابل یقین حد تک گروتھ کر سکتی ہے ‘ چیئرمین پاکستان اسٹیل آئرن ایسوسی ایشن
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پاکستان اسٹیل آئرن ایسوی ایشن و ایگزیکٹو ممبر پیاف راجہ راحیل اشفاق نے خام لوہے اور اسٹیل کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی مدت میں31مارچ تک توسیع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے خام لوہے اور اسٹیل کی قیمتوں میں11 ہزار روپے فی ٹن تک اضافہ ہواہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ایک طرف وفاقی حکومت تعمیراتی شعبے کی ترقی کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور دوسری جانب ایسے فیصلے بھی کئے جارہے ہیں جس سے تعمیراتی شعبے کے لئے نا گزیر لوازمات کی قیمتیں انتہائی بلند سطح پر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی کے لئے سیمنٹ ، آئرن اور اسٹیل کی قیمتوںمیں کمی کے لئے اقدامات ہونے چاہئیں جس کے لئے ٹیکسز اور عائد ڈیوٹیز میں کمی کی جائے ۔ راجہ راحیل اشفاق نے کہا کہ اگر حکومت تعمیراتی شعبے پر بھرپور توجہ مرکوز کرے اور اسے ریلیف اور مراعات دے تو ہماری معیشت نا قابل یقین حد تک گروتھ کر سکتی ہے ۔ حکومت بیورو کریسی کی تجاویز پر ضرور عمل کرے لیکن اس کے ساتھ سو فیصد نتائج کے حصول کے لئے اسٹیک ہولڈرز کو بھی مشاورت کے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے ۔
