معیشت کی ترقی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا ماڈل اپنایا جائے ‘ ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی ،سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ اور سابقہ ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ حکومت سالانہ اربوں روپے کا خسارہ کرنے والے اداروں کی نجکاری کیلئے تیز رفتاری سے پیشرفت کرے ،معیشت کی ترقی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا ماڈل اپنانا ہوگا ، اسٹیٹ بینک شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لائے تاکہ مقامی کاروبار ترقی کر سکیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت کے بہت سے ادارے سفید ہاتھی بنے ہوئے ہیں جو مطلوبہ نتائج دئیے بغیر سالانہ اربوں روپے کا خسارہ کر رہے ہیں ، حکومت کو چاہیے کہ ان کی نجکاری کے لئے تیز رفتاری سے پیشرفت کرے تاہم اس میں ملک و قوم کے مفاد کو پیش نظر رکھا جانا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نجی شعبے کو پارٹنر کے طور پر اعتماد میں لے ، نجی شعبے میں بہت سے لوگ کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں اس لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا ماڈل اپنایا جائے ۔ خادم حسین نے کہاکہ پاکستان میں شرح سود ابھی بھی خطے کے دیگر ممالک میں سب سے زیادہ ہے جسے سنگل ڈیجٹ میں لانے کی ضرورت ہے ۔شرح سود نیچے آنے سے مقامی کاروبار وں سے وابستہ تاجر قرض لیں گے جس سے معیشت ترقی کرے گی ۔
![](https://i0.wp.com/dailypakistanonline.com/wp-content/uploads/2024/12/Khadim-Hussain.webp?resize=1050%2C525&ssl=1)