اسلام آباد، مارچ 06 ( ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شیر شیر ہوتا ہے، گیدڑ کی جب موت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے،تحریک انصاف والے جب پہلے پارلیمنٹ میں تھے تو یہی کرتے تھے اور آج حکومت میں ہیں تو وہی کچھ کیا۔
میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے چند درجن کرائے کے غنڈوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا،یوسف رضا گیلانی ایک سیٹ کیا جیتے ان کے دماغی توازن خراب ہوگئے اور ان پر پاگل پن سوار ہوگیا، عوامی عدالت میں شکست ہوئی، عمران خان کو بچانے والے اب عوام کا فیصلہ مان لیں۔
انہوں نے کہا کہ آج اسلام آباد میں جو کچھ ہوا وہ امریکا کے حالات کی طرح تھا، پاکستانی ٹرمپ نے جاتے جاتے خود کو بچانے کی کوشش کی لیکن یہ صبح گئے یا شام گئے، ان کا جانا ٹھہر گیا ہے، اس لیے چند روز کی مہلت ہے، عمران خان اچھی سی پیکنگ کریں، وزیراعظم ہاؤس میں کوئی چیز نہ چھوڑیں۔
(ن) لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ ابو بچاؤ مہم پر نکلے ہوئے ہیں لیکن ابو بچاؤ مہم کی ہمیں ضرورت نہیں کیونکہ خود ابو کو مقابلے کے لیے دن رات ایک کرنا پڑا مگر آج پاکستان نے بیٹا بچاؤ اور اولاد بچاؤ مہم دیکھی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی سیاسی موت واقع ہوچکی، اب تجہیز و تدفین باقی ہے جسے پی ڈی ایم اور عوام مل کر اچھے طریقے سے کریں گے تاکہ یہ لاش قبر سے نکالنے کے قابل بھی نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ احسن اقبال پر جوتا پھینکنا شرمناک ہے ، آپ سیکیورٹی کے بغیر باہر نکل کر دیکھیں 22 کروڑ عوام جوتے لے کر تیار بیٹھے ہیں۔
مریم نے کہا کہ ایوان میں چور چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا،عمران خان الیکشن کمیشن سے سند یافتہ پہلے چور ہیں، آپ کے دن گنے جاچکے، ان کا جانا ٹہر چکا ہے ،سیاسی موت ہوچکی ، تجہیز و تکفین باقی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ مریم اورنگزیب پرجس طرح حملہ کیا گیا اُس پرآج پاکستان کی ہرماں اور بیٹی کا سر شرم سے جھک گیا۔