تمام اضلاع میں ریجنل پاسپورٹ کے دفاتر موجود ہیں،نئے بننے والے اضلاع میں ریجنل دفاتر بنارہے ہیں، وزارت داخلہ
ایگزیکٹو دفاتر کا قیام ہی امتیازی ہے جو عمران خان کے بنیادی فلسفے کے خلاف ہے،مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا بیان
حکومت کی جانب سے سوالات کے جوابات پر شرمندگی ہورہی ہے ، کہا جارہا ہے کہ پنجاب کے لوگ نازک اور باقی صوبوں کے لوگ ہٹے کٹے ہیں، نوید قمر
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ شوکت علی نے کہاہے کہ ملک کے تمام اضلاع میں ریجنل پاسپورٹ کے دفاتر موجود ہیں،نئے بننے والے اضلاع میں اب ریجنل دفاتر بنارہے ہیں۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دور ان شوکت علی نے بتایاکہ ملک کے تمام اضلاع میں ریجنل پاسپورٹ کے دفاتر موجود ہیں،نئے بننے والے اضلاع میں اب ریجنل دفاتر بنارہے ہیں،ایگزیکٹو پاسپورٹ دفاتر نادرا کے تعاون سے بنائے جاتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر نے کہاکہ حکومت کی جانب سے سوالات کے جوابات پر شرمندگی ہورہی ہے ،یہ کہا جارہا ہے کہ پنجاب کے لوگ نازک ہیں اور باقی صوبوں کے لوگ ہٹے کٹے ہیں،حیدرآباد پاکستان سے پہلے کا ڈسٹرکٹ ہے تاہم وہاں ابھی تک ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس نہیں بنا۔
سید نوید قمر نے کہاکہ ایگزیکٹو دفاتر ان علاقوں میں بنائے گئے ہیں جہاں انہوں نے اپنے لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ بابر اعوان نے کہاکہ ایگزیکٹو دفاتر کا قیام ہی امتیازی ہے جو عمران خان کے بنیادی فلسفے کے خلاف ہے۔