وزیر اعلیٰ پنجاب بہترین اقدامات اٹھا رہی ہیں ،تاجروں کے مطالبے پر غور کیا جائے ‘ صدر اشرف بھٹی کا مطالبہ
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسی کے مطابق تشہیری بورڈز آویزاں کرنے کیلئے تاجروں سے ہزاروں روپے وصول کرنے کی بجائے حکومت اپنے بجٹ سے اخراجات کرے ، ٹیکسز ، بھاری یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کی وجہ سے تاجراتنے وسائل نہیں کہ وہ بورڈز کے لئے ہزاروں روپے کی ادائیگی کر سکیں ، تجاوزات کے خاتمے سے تاریخی انار کلی بازار کی رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیںاور غیر ملکوں نے بھی یہاں کا رخ کیا ہے ۔ اشرف بھٹی کی زیر صدارت تاجروں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا ۔ تاجروں نے دکانوں پر حکومتی پالیسی کے مطابق نئے بورڈز آویزاں کرنے کے لئے ہزاروں روپے کے اخراجات پر اپنی تشویش ظاہر کی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر طبقہ اس وقت شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے جو بورڈز آویزاں کرنے کی مد میں ہزاروں روپے کا بوجھ اٹھانے کامتحمل نہیں ہو سکتا ۔اکثریت دکاندار کرائے کی دکانوں میں کاروبار کر رہے ہیں اس لئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل ہے کہ اس پالیسی پر نظر ثانی کی جائے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کی ترقی کے لئے بہترین اقدامات اور مسائل سے دوچار طبقات کی پریشانیوں کے حل کے لئے اقدامات کر رہی ہیں ،اپیل ہے کہ ہمارے اس مطالبے پر بھی غور کیا جائے ۔
