شوہر سے ملاقات کی اجازت نہ گھر سے کوئی چیز پہنچنے دی جا رہی ، سب فسطائیت کا مقصد عمران خان انکی شریک حیات کو توڑنا ہے
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو صرف عمران خان سے مخلص ہونے کی سزا دی جا رہی ہے ،سب فسطائیت کا مقصد عمران خان اور ان کی شریک حیات کو توڑنا ہے لیکن انشااللہ یہ حربے ناکام ہوں گے۔ انہوں نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بشریٰ بی بی کو صرف اس بات کی سزا دی جا رہی ہے کہ وہ عمران خان سے مخلص ہیں،ان کی اپنے شریک حیات سے ملاقات پر بھی پابندی ہے اور نہ ہی جیل مینویل کے مطابق انہیں ضروریات زندگی فراہم کی جا رہی ہیں۔نہ انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت ہے، نہ گھر سے کوئی چیز ان تک پہنچنے دی جا رہی ہے،اس سب فسطائیت کا مقصد عمران خان اور ان کی شریک حیات کو توڑنا ہے لیکن انشااللہ یہ حربے ناکام ہوں گے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہر سیکٹر ہی تباہی کا شکار ہے کوئی ایک سیکٹر نہیں جو خوشحالی کی نوید سنا رہا ہو،تحریک انصاف کے دور حکومت میں ٹیکسٹائل انڈسٹری پورا سال چوبیس گھنٹے چلتی تھی اور کام کرنے کے لیے مزدور نہیں ملتے تھے،وہ سیکٹر اب مکمل تباہی کا شکار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چالیس فیصد اسپننگ ملز بند ہو چکی ہیں،مزید بندش کے خدشات ظاہر کئے جا رہے لاکھوں لوگ بیروزگار ہو رہے،جعلی حکومت عوام کے لئے کسی عذاب سے کم نہیں۔
